تہران: ایرانی پاسداران انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ اردن کے الازرق بیس پر امریکا کے 3 ایف35 لڑاکا طیارے تباہ کر دیئے ہیں۔ اپنے جاری کردہ بیان میں پاسداران انقلاب نے کہا کہ الازرق بیس پر حملے مین 3 امریکی لڑاکا طیاروں کو شدید نقصان پہنچایا گیا ہے، حملے میں دشمن کے افسران اور عملے کے افراد ہلاک بھی ہوئے ہیں۔
بیان میں کہا گیا کہ جزیرہ قیشم پر امریکی حملے کے جواب میں اردن کے الازرق بیس پر حملہ کیا۔ پاسداران انقلاب نے کہا کہ الازرق بیس کو بیلسٹک میزائلوں سے نشانہ بنایا۔ ایرانی پاسدان انقلاب نے کہا کہ ہمارے خطے میں بچوں کو قتل کرنے والی فوج کے لیے کوئی جگہ نہیں، آخری امریکی قابض فوج کو خطے سے نکالنے تک ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔
دوسری جانب ایران کی سرکاری نیوز ایجنسی نے قشم میں امریکی فوجی حملے کے بعد کی ویڈیو جاری کردی، ویڈیو میں رہائشی علاقے پر امریکی میزائل حملے کے بعد کی تباہی دکھائی گئی۔
ایرانی میڈیا کے مطابق امریکی حملے کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے 3 افراد شہید ہوئے جبکہ 2 بچے زخمی ہیں۔ مزید برآں پاسدران انقلاب نے مشرق وسطیٰ میں نشانہ بنائے گئے امریکی فوجی اثاثوں کی فہرست جاری کردی۔15روز میں ریڈار ،فضائی دفاعی نظام کے 7کمانڈ اینڈ کنٹرول مراکز نشانہ بنے۔3سیٹلائٹ ، پیٹریاٹ کے 6ریڈار،5 نگرانی کرنے والے ریڈار ہدف بنے،لڑاکاطیاروں اور ہیلی کاپٹروں کی مرمت دیکھ بھال کے 6مراکز کو نقصان پہنچایا، امریکا کے 11 لڑاکا طیارے اور ہیلی کاپٹرز کو بھی شدید نقصان پہنچایا ، 3لاجسٹک مراکز، ایندھن کے ذخائر اور سپیئرپارٹس کے 12گوداموں کو تباہ کیا گیا۔
ایم کیونائن ڈرونز کے 6ہینگر ، ایف 15 لڑاکا طیارے کا ہینگر نشانہ بنایا۔ دوسری جانب امریکی سینٹکام نے ایران کے سرکاری میڈیا اور آئی آر جی سی کے دعوؤں کو مستر د کردیا ہے۔ سینٹکام نے کہا کہ آبنائے ہرمز میں تجارتی جہازوں کو پاسدران انقلاب کے حملوں سے خطرہ ہے، ایرانی حملوں میں کسی امریکی طیارے کو نقصان نہیں پہنچا، تمام ایرانی میزائل اور ڈرون ہدف تک پہنچنے سے پہلے ہی ناکام بنا دیئے گئے تھے۔

