کشمیر کا فیصلہ طاقت سے نہیں کشمیری عوام کی آزادنہ رائے سے ہوگا رانا عزیز الحسن

کراچی (اسٹاف رپورٹر) آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس سندھ سرکل کراچی کے صدر رانا عزیز الحسن نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کا پائیدار اور منصفانہ حل طاقت، جبر اور فوجی تسلط میں نہیں بلکہ کشمیری عوام کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حقِ خودارادیت دینے میں مضمر ہے۔ انہوں نے کہا کہ 5 اگست 2019 کشمیری تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے، جب بھارت نے مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت ختم کرکے نہ صرف بین الاقوامی قوانین بلکہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کی بھی صریح خلاف ورزی کی۔انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام نے الحاقِ پاکستان کے لیے لازوال قربانیاں دی ہیں، جنہیں تاریخ ہمیشہ سنہری حروف میں یاد رکھے گی۔ پاکستان کے عوام، حکومت، مسلح افواج اور سفارتی حلقوں نے ہر مشکل گھڑی میں کشمیریوں کی اخلاقی، سیاسی، سفارتی اور عملی حمایت کی، وہ قابل ستائش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام اپنے نظریاتی مؤقف سے کبھی دستبردار نہیں ہوں گے اور حقِ خودارادیت کے حصول کی جدوجہد ہر قیمت پر جاری رکھیں گے۔رانا عزیز الحسن نے کہا کہ پاکستان اور کشمیر کا رشتہ صرف جغرافیائی نہیں بلکہ ایمان، تاریخ، تہذیب، ثقافت اور شہداء کے خون سے استوار ایک مضبوط اور لازوال رشتہ ہے، جسے بھارت کی کوئی سازش یا ریاستی جبر ختم نہیں کر سکتا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کو ہر صورت آرٹیکل 370 اور 35A بحال کرنا ہوگا اور غیر قانونی طور پر قید تمام حریت رہنماؤں کو فوری طور پر رہا کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر کی مسلم اکثریتی شناخت تبدیل کرنے کے لیے لاکھوں غیر مقامی افراد کو جعلی ڈومیسائل اور ریاستی شہریت دے رہا ہے، جو عالمی قوانین اور چوتھے جنیوا کنونشن کی روح کے منافی ہے۔ اس عمل کا مقصد کشمیریوں کے حقِ خودارادیت کو سبوتاژ کرنا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اقوام متحدہ، انسانی حقوق کی عالمی تنظیمیں اور عالمی برادری اس سنگین صورتحال کا فوری نوٹس لیں اور سلامتی کونسل کی مسئلہ کشمیر سے متعلق قراردادوں پر مؤثر عمل درآمد کرائیں۔انہوں نے کہا کہ آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس کا نظریاتی پیغام ”کشمیر بنے گا پاکستان” ہے، جو ان شاء اللہ ضرور حقیقت بنے گا۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت کی ناقص حکمت عملی اور نااہلی کے باعث تحریکِ آزادی کشمیر کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچا ہے، جبکہ حالیہ واقعات میں ہونے والے جانی نقصان پر پوری پاکستانی قوم اور کشمیری عوام رنجیدہ ہیں۔رانا عزیز الحسن نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ مسئلہ کشمیر کے منصفانہ اور دیرپا حل کے لیے اپنا کردار ادا کرے تاکہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن، استحکام اور انصاف کی راہ ہموار ہو سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں