سیوی(اللہ داد)ملک بھر کی طرح ضلع سیوی میں بھی یومِ استحصال کشمیر بھرپور قومی جذبے اور کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی کے ساتھ منایا گیا۔ اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر سیوی میجر (ر) الیاس کبزئی کی قیادت میں ایک بڑی ریلی نکالی گئی، جس میں ضلعی افسران، مختلف محکموں کے ملازمین، شہریوں، طلبہ اور اقلیتی برادری کے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی ریلی کا آغاز ڈپٹی کمشنر آفس سے ہوا اور مختلف شاہراہوں سے گزرتے ہوئے ٹھنڈی سڑک پر اختتام پذیر ہوئی۔ شرکاء نے ہاتھوں میں پاکستان کے سبز ہلالی پرچم اور کشمیر کے جھنڈے اٹھا رکھے تھے جبکہ “کشمیر بنے گا پاکستان”، “ہم کشمیری عوام کے ساتھ ہیں” اور بھارت کے غیر قانونی اقدامات کے خلاف فلک شگاف نعرے بھی لگائے گئے ریلی میں اسسٹنٹ کمشنر منصور علی شاہی، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر عبدالستار لانگو، اسسٹنٹ ای ٹی او چوہدری وسیم احمد، انسپکٹر ایکسائز، ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس عبدالرحمن جتوئی، پی پی آئی انچارج سعید احمد بگٹی، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر عبدالقادر ہارون سمیت دیگر ضلعی افسران، مختلف سرکاری محکموں کے اہلکار، شہریوں اور اقلیتی برادری کے نمائندوں نے شرکت کی

ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر سیوی میجر (ر) الیاس کبزئی نے کہا کہ 5 اگست 2019 کو بھارت کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت ختم کرنا اقوام متحدہ کی قراردادوں اور بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی بھرپور حمایت جاری رکھے گا اور کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت سے کبھی دستبردار نہیں ہوگا انہوں نے کہا کہ یومِ استحص ال کشمیر منانے کا مقصد دنیا کو یہ باور کرانا ہے کہ کشمیری عوام گزشتہ کئی دہائیوں سے اپنے بنیادی حقوق اور آزادی کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔ عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے اور کشمیری عوام کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حقِ خودارادیت دلانے میں اپنا کردار ادا کرے ریلی کے اختتام پر پاکستان کی سلامتی، استحکام اور مقبوضہ کشمیر کے عوام کی آزادی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی، جبکہ شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستانی قوم ہر مشکل گھڑی میں اپنے کشمیری بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑی رہے گی

