صحبت پور(رپورٹڑ) صحبت پور ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر (ڈی ایچ کیو) ہسپتال صحبت پور میں عوامی سہولت کے پیشِ نظر الٹراساؤنڈ سروس کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے، جس سے ضلع کے شہریوں کو جدید تشخیصی سہولت اپنے ہی شہر میں میسر آ سکے گی۔
ہسپتال انتظامیہ کے مطابق اس سہولت کے ذریعے گردوں اور پتے کی پتھری، جگر، پتے اور دیگر اندرونی اعضا کا معائنہ، حمل کی نگرانی، ضروری طبی چیک اپ، پیٹ کے درد اور دیگر اندرونی بیماریوں کی بروقت تشخیص ممکن ہوگی، جس سے مریضوں کو بروقت اور بہتر علاج کی سہولت حاصل ہوگی۔الٹراساؤنڈ سروس ہر ہفتے پیر، منگل، بدھ اور جمعرات کو صبح 10 بجے سے دوپہر 12 بجے تک فراہم کی جائے گی۔میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر مقصود احمد کھوسہ کی نگرانی اور کاوشوں سے ڈی ایچ کیو ہسپتال میں عوام کو بہتر اور معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے۔ شہریوں نے الٹراساؤنڈ سروس کے آغاز کو صحت کے شعبے میں ایک خوش آئند اور مثبت پیش رفت قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ مستقبل میں مزید جدید طبی سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی۔

