حب (پریس ریلیز ) نیشنل پارٹی ضلع حب اور بی ایس او پجار حب زون کے زیرِ اہتمام میر غوث بخش بزنجو و میر حاصل خان بزنجو کی برسی کے موقع پر تعزیتی ریفرنس حب: نیشنل پارٹی ضلع حب اور بی ایس او پجار حب زون کے زیرِ اہتمام بابائے بلوچستان میر غوث بخش بزنجو اور نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما و سابق سینیٹر میر حاصل خان بزنجو کی برسی کی مناسبت سے ایک تعزیتی ریفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس میں نیشنل پارٹی اور بی ایس او پجار کے رہنماؤں، عہدیداران اور کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تعزیتی ریفرنس کے آغاز میں میر غوث بخش بزنجو اور میر حاصل خان بزنجو کی سیاسی، قومی و جمہوری جدوجہد کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کی یاد میں دو منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔ تعزیتی ریفرنس سے نیشنل پارٹی ضلع حب کے صدر حاجی عبدالغنی رند، صوبائی ورکنگ کمیٹی کے رکن اسد غنی بلوچ، ضلعی یوتھ سیکریٹری و میونسپل کارپوریشن حب کے کونسلر ارباب مگسی، پارٹی کے سینئر رہنما و میونسپل کارپوریشن حب کے کونسلر اسحاق بلوچ، تحصیل حب کے سابق رابطہ سیکریٹری میر حسن مری اور بی ایس او پجار حب زون کے صدر عبد المالک بلوچ نے خطاب کیا۔ مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ میر غوث بخش بزنجو بلوچستان کی سیاسی تاریخ کی ایک ایسی عظیم شخصیت تھے جنہوں نے پوری زندگی جمہوریت، آئین کی بالادستی، قومی حقوق، سیاسی آزادی اور مظلوم و محکوم عوام کے حقوق کے لیے جدوجہد کی۔ ان کی سیاست اصول، دلیل، برداشت اور جمہوری جدوجہد کا عملی نمونہ تھی۔ میر غوث بخش بزنجو نے مشکل ترین سیاسی حالات میں بھی اپنے اصولی مؤقف سے دستبردار ہونے کے بجائے جمہوری اور سیاسی جدوجہد کو اپنا راستہ بنایا۔ مقررین نے کہا کہ میر حاصل خان بزنجو نے اپنے والد میر غوث بخش بزنجو کے سیاسی و فکری ورثے کو آگے بڑھاتے ہوئے بلوچستان میں جمہوری، ترقی پسند اور قومی سیاست کے فروغ کے لیے بھرپور کردار ادا کیا۔ انہوں نے پارلیمانی سیاست کے ذریعے بلوچستان کے قومی و سیاسی مسائل کو اجاگر کیا اور ملک میں جمہوریت، وفاقی نظام، آئین کی بالادستی اور پارلیمان کی مضبوطی کے لیے مسلسل آواز بلند کی۔ انہوں نے کہا کہ میر غوث بخش بزنجو اور میر حاصل خان بزنجو کی جدوجہد آج بھی سیاسی کارکنوں، نوجوانوں اور جمہوری قوتوں کے لیے مشعلِ راہ ہے۔ موجودہ دور میں جب سیاسی و جمہوری اقدار کو مختلف چیلنجز کا سامنا ہے، ایسے میں بزنجو صاحبان کے سیاسی افکار اور اصولی جدوجہد کو سمجھنے اور نئی نسل تک منتقل کرنے کی ضرورت مزید بڑھ گئی ہے۔ مقررین نے کہا کہ نیشنل پارٹی اور بی ایس او پجار بلوچستان کے قومی حقوق، جمہوری اقدار، سیکولر و ترقی پسند سیاست اور عوامی مسائل کے حل کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ میر غوث بخش بزنجو اور میر حاصل خان بزنجو کے افکار کو آگے بڑھانا ہی ان رہنماؤں کو حقیقی خراجِ عقیدت ہے۔ تعزیتی ریفرنس کے اختتام پر میر غوث بخش بزنجو اور میر حاصل خان بزنجو کی سیاسی و قومی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ بلوچستان کے عوام کے قومی، سیاسی، معاشی اور جمہوری حقوق کے حصول کے لیے جدوجہد کو مزید منظم اور مضبوط بنایا جائے گا۔

