خاران (رپورٹ محمدعیسی محمدحسنی)گورنمنٹ آف بلوچستان کے رائیز پروگرام کے تحت جاری رخشان سپورٹس و کلچر فیسٹیول میں بیڈمنٹن ٹورنامنٹ کا شاندار فائنل میچ کھیلا گیا، جس میں عبدالرزاق اور صفی اللہ نے سنسنی خیز اور بھرپور مقابلے کے بعد کامیابی حاصل کرتے ہوئے فائنل اپنے نام کر لیا۔ شاندار فائنل میچ کے مہمانِ خصوصی اسسٹنٹ ڈویژنل ڈائریکٹر ایجوکیشن محمد حسین بلوچ تھے، جنہوں نے فاتح اور رنر اپ ٹیموں میں کیش پرائزز اور ٹرافیاں تقسیم کیں اور اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے نوجوانوں کے لیے کھیلوں کی سرگرمیوں کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ ٹورنامنٹ کے آرگنائزر سمیع اللہ فارسی نے رائیز پروگرام کے ضلعی نمائندگان کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے اس ٹورنامنٹ کے انعقاد کے ذریعے خاران کے نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع فراہم کیا اور کھیلوں کے فروغ کی حوصلہ افزائی کی تقریب میں ریجنل پروگرام کوآرڈینیٹر حاجی امیر حمزہ قمبرانی، ڈبلیو ایچ او کے ضلعی منیجر ڈاکٹر عبدالصمد سنجرانی، ملیریا کوآرڈینیٹر آغا شفیق، بلوچستان رورل سپورٹ پروگرام کے ضلعی نمائندگان سمیت دیگر معزز شخصیات اور بڑی تعداد میں شائقین نے شرکت کی اور فائنل کے سنسنی خیز مقابلے سے بھرپور لطف اٹھایا۔ یہ شاندار ایونٹ نوجوانوں میں کھیلوں کے فروغ، مثبت سرگرمیوں اور صحت مند معاشرتی ماحول کے قیام کی جانب ایک اہم قدم ہے۔

