کوئٹہ(این این آئی) بلوچستان کے علاقے بختیار آباد کے قریب سے سندھ کے علاقے جیکب آباد سے تعلق رکھنے والے تین نوجوان مبینہ طور پر اغواء کر لئے گئے۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز سندھ کے ضلع جیکب آباد کے علاقے ٹھل سے تعلق رکھنے والے تین نوجوان سلمان کھوسہ، یوسف کھوسہ اور حیدر کھوسہ کوئٹہ کی جانب آرہے تھے کہ اچانک ان کا رابطہ اہلخانہ سے منقطع ہوگیا۔۔ مغویوں کے اہلخانہ نے شبہ ظاہر کیا ہے کہ انہیں مبینہ طور پر اغواء کرلیا گیا ہے۔ اہلخانہ نے سیکورٹی فورسز کو اطلاع دی ہے کہ گزشتہ روز دوپہر کو نوتال کے قریب نوجوانوں سے رابطہ ہوا تاہم اس کے بعد سے ان کے موبائل نمبر بند ہیں اور ان سے کسی قسم کا رابطہ نہیں ہوپا رہا۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ضلع نصیر آباد، سبی اور کچھی میں لیویز اور انتظامیہ نے لاپتہ کی تلاش شروع کردی۔مزید کاروائی جاری ہے۔

