نوکنڈی (این این آئی) بلوچستان کے سرحدی اور معدنی اہمیت کے حامل شہر نوکنڈی، جوکہ ایک بین الاقوامی شاہراہ پر واقع ہے، بنیادی سہولیات کی کمی کا شکار ہے۔شہر میں فائر بریگیڈ جیسی اہم سہولت کا مکمل فقدان ہے، جس کے باعث آگ لگنے کے کسی بھی واقعے کی صورت میں شہریوں کو اپنی مدد آپ کے تحت یا سیکورٹی فورسز کے واٹر ٹینکرز کے ذریعے آگ بجھانے کی کوشش کرنا پڑتی ہے۔شہریوں کے مطابق، متعدد بار آگ پر قابو پانے کی کوششیں ناکام ہو چکی ہیں، جس کے نتیجے میں قیمتی املاک خاکستر ہو گئی ہیں۔شہریوں کا کہنا ہے کہ بروقت امدادی کارروائی نہ ہونے کے باعث مالی اور جانی نقصان کے خطرات میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے علاقہ مکینوں نے رکن صوبائی اسمبلی چاغی محمد صادق سنجرانی سے اپیل کی ہے کہ وہ اس دیرینہ مسئلے کا فوری نوٹس لیں اور نوکنڈی میں فائر بریگیڈ کی مستقل سہولت کی فراہمی کو یقینی بنائیں، تاکہ مستقبل میں کسی بھی ممکنہ سانحے سے بچا جا سکے اور شہریوں کی جان و مال کا تحفظ ممکن بنایا جا سکے۔

