سیوی(نامہ نگار)اسسٹنٹ کمشنر سیوی و لہڑی ملک بہادر خان بنگلزئی نے کہا ہے کہ شہریوں کو ریلیف اور پرامن ماحول فراہم کرنا انتظامیہ کی اولین ذمہ داری ہے، اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں مصنوعی مہنگائی اور منافع خوری کسی صورت قبول نہیں کی جائے گی۔ تاجر حضرات حکومت کی جانب سے جاری کردہ پرائس لسٹ کے مطابق اشیائے خوردونوش فروخت کریں، خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ورکنگ جرنلسٹ میڈیا گروپ کے صدر میر اللہ داد رند کی سربراہی میں صحافیوں کے وفد سے اپنے دفتر میں ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ملاقات میں ورکنگ جرنلسٹ میڈیا گروپ کے سینئیر نائب صدر اللہ یار ڈومکی، جنرل سیکٹری خرم شہزاد اور ڈپٹی جنرل سیکٹری ندیم بابر مغل اور سپریڈنٹ اسسٹنٹ کمشنر رحمت اللہ سومرو بھی موجود تھے اسسٹنٹ کمشنر ملک بہادر خان بنگلزئی نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ عوام کو درپیش مسائل کے حل اور انہیں بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے انہوں نے کہا کہ شہر میں اشیائے خوردونوش کی قیمتوں کی نگرانی کے لیے باقاعدگی سے بازاروں کا معائنہ کیا جائے گا اور پرائس لسٹ کی خلاف ورزی کرنے والے دکانداروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی انہوں نے کہا کہ موجودہ مہنگائی کے دور میں عوام کو ناجائز منافع خوری اور مصنوعی مہنگائی سے بچانا انتظامیہ کی ذمہ داری ہے، اس حوالے سے کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ تاجر برادری بھی اپنی ذمہ داری کا احساس کرتے ہوئے مقررہ نرخوں پر اشیاء فروخت کرے اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے میں انتظامیہ کا ساتھ دے ملک بہادر خان بنگلزئی نے صحافیوں کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ معاشرے میں مثبت تبدیلی، عوامی مسائل کی نشاندہی اور انتظامیہ تک شہریوں کی آواز پہنچانے میں صحافت کا اہم کردار ہے۔ ذمہ دار صحافت سے نہ صرف مسائل اجاگر ہوتے ہیں بلکہ ان کے حل میں بھی مدد ملتی ہے۔ انتظامیہ اور صحافی برادری کے درمیان باہمی تعاون سے عوامی مسائل کو بہتر انداز میں حل کیا جاسکتا ہے انہوں نے کہا کہ انتظامیہ عوامی شکایات کے ازالے کے لیے اپنے دروازے کھلے رکھے گی اور شہری کسی بھی مسئلے کی صورت میں انتظامیہ سے رابطہ کریں، ان کی شکایات کا قانون اور میرٹ کے مطابق ازالہ یقینی بنایا جائے گا

