کوئٹہ(این این آئی)آل بلوچستان گورنمنٹ کنٹریکٹرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین ملک عبدالغفار مندوخیل، صدر میر عبدالسلام لانگو اور دیگر عہدیداران نے کہا ہے کہ ایسوسی ایشن بلوچستان بھر کے ٹھیکیداروں کی نمائندہ تنظیم ہے اور تنظیم کے عہدیداران کو صوبے کے تمام ٹھیکیداروں کا اعتماد حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹھیکیداروں کو درپیش مسائل کے حل کیلئے ہرممکن کوشش کی جائے گی۔ایک مشترکہ بیان میں انہوں نے کہا کہ آل بلوچستان گورنمنٹ کنٹریکٹرز ایسوسی ایشن کی تقریب حلف برداری 3اکتوبر کو کوئٹہ میں ** منعقد ہوگی، جس میں بلوچستان اور تمام اضلاع کے عہدیداران اپنے عہدوں کا حلف اٹھائیں گے۔ تقریب میں صوبائی وزرا، ارکان صوبائی و قومی اسمبلی، سینیٹرز، قبائلی عمائدین، بیوروکریٹس، ایگزیکٹو انجینئرز، پی ڈیز، ایس ڈی اوز، سب انجینئرز اور متعلقہ افسران کو دعوت دی جائے گی جبکہ بلوچستان بھر سے ہزاروں ٹھیکیدار اور ایسوسی ایشن کے عہدیداران شرکت کریں گے۔انہوں نے کہا کہ تقریب کے انتظامات کو حتمی شکل دینے کیلئے جلد کابینہ کا اجلاس طلب کیا جائے گا جس میں مختلف کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی۔ ٹھیکیدار برادری کے مسائل کے حل کیلئے مختلف محکموں کے سیکرٹریز اور دیگر حکام سے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے، کئی مسائل حل ہوچکے ہیں جبکہ باقی مسائل بھی جلد حل کرانے کی کوشش کی جائے گی۔

