اسلام آباد(این این آئی)وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی نے پاکستان میں پٹرولیم مصنوعات کی قلت کے حوالے سے گردش کرنے والی افواہوں کی تردید کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ملک میں پٹرولیم مصنوعات کے وافر ذخائر موجود ہیں اور سپلائی کا نظام بلا تعطل جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ایران اسرائیل کشیدگی کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔ اپنے بیان میں وزیر مملکت بلال اظہر نے کہا کہ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے تمام آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کو ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ موجودہ صورتحال کے تناظر میں اپنے لازمی ذخائر کی سطح کو یقینی بنائیں، تاکہ کسی ممکنہ بحران سے بچا جا سکے۔ انہوں نے عوام کو یقین دلاتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کو کسی قسم کی پریشانی کی ضرورت نہیں، کیونکہ ملک میں پٹرولیم مصنوعات کے وافر ذخائر موجود ہیں اور سپلائی بھی مسلسل جاری ہے۔ بلال اظہر کیانی نے کہا کہ وزیر اعظم، وزارتِ پیٹرولیم اور وزارتِ خزانہ پٹرولیم کی صورتحال کو مسلسل مانیٹر کر رہے ہیں اور کسی بھی غیر یقینی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔ وزیر مملکت نے عوام سے اپیل کی کہ وہ افواہوں پر توجہ نہ دیں اور حکومتی ترجمانوں کی جانب سے جاری ہونے والے سرکاری اعلامیوں پر اعتماد کریں۔

