کوئٹہ: وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور آئی جی پولیس بلوچستان محمد طاہر کی خصوصی ہدایات پر پولیسنگ کے نظام میں جدت،فعال اور مستحکم بنانے اور گشت کے نظام کو مزید موثر و فعالیت کے لئے اوستہ محمد اور نصیرآباد پولیس کو مجموعی طور پر 31 نئی CG-125 موٹر سائیکلیں فراہم کر دی گئیں۔ اوستہ محمد اور نصیرآباد کے اضلاع میں پولیس کو جرائم کی روک تھام، پولیس گشت اور بروقت رسپانس کو مؤثر بنانے کے لیے 15 نئی CG-125 موٹر سائیکلیں فراہم کی گئیں۔
ایس پی اوستہ محمد حافظ معاذ الرحمٰن نے موٹر سائیکلوں کی چابیاں متعلقہ تھانوں کے ایس ایچ اوز اور انچارج افسران کے حوالے کیں۔اس موقع پر ایس پی اوستہ محمد نے افسران کو ہدایت کی کہ موٹر سائیکلوں کی مناسب دیکھ بھال اور بروقت مرمت یقینی بنائی جائے جبکہ انہیں پولیس گشت اور سرکاری فرائض کی انجام دہی کے لیے ہی ذمہ دارانہ اور مؤثر انداز میں استعمال کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ نئی موٹر سائیکلوں کی فراہمی سے شہر میں پولیس گشت کا نظام مزید بہتر ہوگا، جس سے جرائم کی روک تھام، بروقت پولیس رسپانس اور عوام کے تحفظ میں مدد ملے گی۔دوسری جانب نصیرآباد پولیس کو بھی 16 نئی 125-CG موٹر سائیکلیں فراہم کی گئی ہیں۔ ایس ایس پی نصیرآباد اسد خان ناصر نے پولیس تھانہ سٹی، صدر، منگولی، منجھوشوری، میر حسن اور 15 مددگار کے اہلکاروں کو موٹر سائیکلیں فراہم کی۔
اس موقع پر ایس ایس پی نصیرآباد اسد خان ناصر نے کہا کہ نئی موٹر سائیکلوں کی فراہمی سے پولیس کے گشت کا دائرہ اور دورانیہ بڑھانے کے ساتھ ساتھ جرائم کی روک تھام اور فوری رسپانس کی صلاحیت میں بھی اضافہ ہوگا۔ جدید وسائل کی فراہمی سے پولیس کی استعدادِ کار بہتر ہوگی اور عوام کو بروقت و مؤثر پولیس سروسز کی فراہمی میں مزید بہتری آئے گی۔

