مدرسہ دارالاحمد تدریس القرآن کراچی میں 7 طلبہ کی تکمیلِ حفظِ قرآن کریم

کراچی (پریس ریلیز) کراچی کی عظیم علمی، دینی اور اصلاحی درس گاہ مدرسہ دارالاحمد تدریس القرآن، جامع مسجد ام کلثوم، کو ایک اور اعزاز حاصل ہوگیا، جہاں پاکستان کے مختلف شہروں سے تعلق رکھنے والے 7 طلبہ کرام نے قرآن کریم مکمل حفظ کرکے حفظِ قرآن کی سعادت حاصل کرلی۔ حفظِ قرآن مکمل کرنے والے طلبہ میں آزاد کشمیر کے شہر مظفرآباد سے تعلق رکھنے والے معاویہ شیخ بن محمد حسین (مرحوم)، علی حسن بن محمد مجاہد، عبدالمنان بن عبدالرحمن، سید فرقان بن سید نصرالدین، عبدالرحمن بن محمد صدیق، محمد حسن بن محمد ابوبکر اور دیگر شامل ہیں۔
اس بابرکت موقع پر مدرسہ دارالاحمد تدریس القرآن، جامع مسجد ام کلثوم کراچی میں مولانا پیر عبدالماجد نقشبندی کی زیرِ سرپرستی، مہتمم ادارہ قاری محمد خالد اور ناظمِ تعلیمات مولانا عادل کی نگرانی میں عظیم الشان تکمیلِ حفظِ قرآن کریم و تقسیمِ انعامات کی تقریب منعقد ہوئی۔
تقریب میں جید علماء کرام، سیاسی و سماجی شخصیات، تاجر و وکلاء تنظیموں کے رہنماؤں، معززینِ علاقہ، عزیز و اقارب اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی حضرت مولانا عبدالوحید، مدیر ادارہ معارف القرآن کراچی تھے۔
اس موقع پر مولانا شفیق الرحمن، مہتمم جامعہ صدیقیہ کراچی، مولانا عامر یوسف، مہتمم جامعہ امام ابوحنیفہ و مکہ مسجد کراچی، تاج محمد وسان، چیئرمین یو سی 03 و سینئر وائس پریزیڈنٹ پاکستان پیپلز پارٹی PS-98، سرور غازی، وائس پریزیڈنٹ پاکستان پیپلز پارٹی ضلع شرقی کراچی، سرور بھٹو، کونسلر یو سی 03، مولانا مقبول الرحمن کشمیری، مولانا منظور فقیری، ترجمان جمعیت علمائے اسلام جموں و کشمیر سندھ و بلوچستان زون کراچی، مولانا حمزہ شفیق، ترجمان تحریک تحفظ ختم نبوت آزاد کشمیر و کراچی، مولانا نوید شیخ، مولانا بشارت کشمیری، مولانا ولی الرحمن، مولانا اسامہ یوسف، بھائی دلدار، مولانا سعد فضل الرحمن، شیخ فیصل عامر، انس شفیق، محمد شیخ، بھائی کامران اور دیگر شخصیات موجود تھیں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مولانا شفیق الرحمن اور مولانا عبدالوحید نے قرآن کریم کی عظمت و فضیلت، حفظِ قرآن کی اہمیت، دینی مدارس کی گراں قدر خدمات اور بالخصوص مدرسہ دارالاحمد تدریس القرآن کی دینی و تعلیمی کاوشوں پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ مقررین نے حفظِ قرآن کی سعادت حاصل کرنے والے طلبہ، ان کے والدین اور اساتذہ کو مبارکباد پیش کی۔
تقریب کے اختتام پر حفظ مکمل کرنے والے طلبہ نے قرآن کریم کا آخری سبق سنا کر اپنی تکمیلِ حفظ کی سعادت مکمل کی، جبکہ بعد ازاں حرمین شریفین کے تحفظ، ملک و ملت کی سلامتی اور دنیا بھر کے مظلوم مسلمانوں کے لیے رقت انگیز خصوصی دعا کی گئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں