ڈیرہ اللہ یار: صحافی جمعہ خان پر تشدد کی مذمت، ملوث افراد کی فوری گرفتاری کا مطالبہ

سیوی(نامہ نگار)بلوچستان میڈیا فورم کی مرکزی قیادت نے ڈیرہ اللہ یار سے تعلق رکھنے والے صحافی جمعہ خان پر تشدد کے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے متعلقہ حکام آئی جی پولیس بلوچستان اور وزیر اعلیٰ بلوچستان سے واقعے کا فوری نوٹس لینے اور تشدد میں ملوث افراد کے خلاف مقدمہ درج کرکے انہیں فوری گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا ہے بلوچستان میڈیا فورم کے مرکزی رہنماؤں نے اپنے بیان میں کہا کہ صحافی جمعہ خان پر تشدد نہ صرف ایک صحافی پر حملہ ہے بلکہ آزادیٔ صحافت اور اظہارِ رائے کی آزادی کو متاثر کرنے کی کوشش بھی ہے۔ صحافی معاشرے میں عوامی مسائل ناانصافیوں اور دیگر اہم معاملات کو اجاگر کرنے میں اپنا کردار ادا کرتے ہیں، اس لیے ان کے تحفظ کو یقینی بنانا حکومت اور متعلقہ انتظامیہ کی بنیادی ذمہ داری ہے انہوں نے کہا کہ صحافیوں کو فرائض کی انجام دہی کے دوران ہراساں، تشدد یا دباؤ کا نشانہ بنانا کسی صورت قابل قبول نہیں۔ بلوچستان میں صحافی پہلے ہی مختلف مشکلات اور خطرات کے باوجود اپنے پیشہ ورانہ فرائض انجام دے رہے ہیں، ایسے واقعات سے صحافی برادری میں شدید تشویش پائی جاتی ہے بلوچستان میڈیا فورم کی قیادت نے مطالبہ کیا کہ واقعے کی شفاف تحقیقات کرائی جائیں صحافی جمعہ خان کو مکمل تحفظ فراہم کیا جائے اور تشدد میں ملوث عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام ممکن ہو سکےمرکزی قیادت نے خبردار کیا کہ اگر صحافی جمعہ خان کو فوری انصاف فراہم نہ کیا گیا اور ذمہ دار افراد کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں نہ لائی گئی تو بلوچستان بھر کی صحافی برادری کو اعتماد میں لے کر احتجاج کا دائرہ وسیع کرنے سمیت آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا

اپنا تبصرہ بھیجیں