صحبت پور: چیف انجینئر بشیر ناصر کا ترقیاتی منصوبوں کا معائنہ، معیار اور بروقت تکمیل یقینی بنانے کی ہدایت

صحبت پور(نامہ نگار) چیف انجینئر محکمہ موا صلات و تعمیرات بلوچستان بشیر ناصر نے ضلع صحبت پور کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے محکمہ روڈز اور بلڈنگز کے تحت جاری مختلف ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی معائنہ کیا۔اس موقع پر ایکسئین روڈز عبدالستار بنگلزئی، ایکسئین بلڈنگز ارشاد علی سیلاچی اور متعلقہ محکموں کے افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔ افسران کی جانب سے چیف انجینئر کو ضلع میں جاری اور مکمل ہونے والی ترقیاتی اسکیمات، ان کی پیش رفت اور عوامی افادیت کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
چیف انجینئر بشیر ناصر نے صحبت پور تا کشمور روڈ، پنہور سنہڑی کالج، ڈسٹرکٹ کمپلیکس، فٹبال گراؤنڈ سمیت دیگر ترقیاتی منصوبوں کا موقع پر جا کر جائزہ لیا اور کام کے معیار، رفتار اور تعمیراتی مراحل کا معائنہ کیا۔اس موقع پر چیف انجینئر بشیر ناصر کا کہنا تھا کہ محکمہ مواصلات و تعمیرات کے تحت جاری تمام ترقیاتی منصوبوں کو مقررہ مدت کے اندر مکمل کیا جائے تاکہ ان منصوبوں کے ثمرات براہِ راست عوام تک پہنچ سکیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ تعمیراتی کام کے معیار اور کوالٹی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے متعلقہ افسران اور ٹھیکیداروں کو ہدایت کی کہ ترقیاتی منصوبوں میں مقررہ تعمیراتی معیار اور منظور شدہ ڈیزائن و اسپیسی فکیشنز پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے، جبکہ عوامی مفاد کے منصوبوں کی بروقت تکمیل پر خصوصی توجہ دی جائے۔
محکمہ مواصلات و تعمیرات کے جاری منصوبوں سے ضلع صحبت پور میں بہتر سڑکوں، تعلیمی و سرکاری عمارتوں اور کھیلوں کی سہولیات سمیت بنیادی انفراسٹرکچر میں بہتری آنے کی توقع ہے، جس سے شہریوں کو آمدورفت اور مختلف سرکاری و عوامی سہولیات تک رسائی میں مزید آسانی حاصل ہوگی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں