صحبت پور: BSDI فیز تھری کے تحت 22 سے زائد ترقیاتی منصوبوں کے ٹینڈرز مکمل، شفافیت یقینی

صحبت پور (نامہ نگار) ضلع صحبت پور میں سول و عسکری قیادت کی جانب سے بلوچستان اسپیشل ڈویلپمنٹ انیشی ایٹو (BSDI) کے تحت عوامی نوعیت کی ترقیاتی اسکیمات کی فراہمی کے لیے اقدامات کا سلسلہ جاری ہے۔اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر آفس صحبت پور میں ڈپٹی کمشنر محترمہ فریدہ ترین اور لیفٹیننٹ کرنل شعیب حسن کی سربراہی میں بی ایس ڈی آئی فیز تھری کے تحت اسکولز، سڑکوں اور دیگر عوامی نوعیت کی اسکیمات سمیت 22 سے زائد ترقیاتی منصوبوں کے ٹینڈرز کا عمل مکمل کیا گیا۔ٹینڈر کے موقع پر ایکسین روڈز عبدالستار بنگلزئی، ایکسین بلڈنگز ارشاد علی سیلاچی، محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے افسران اور مختلف تعمیراتی کمپنیوں کے ٹھیکیداران نے شرکت کی۔
اس موقع پر ٹینڈر کا عمل اوپن میرٹ اور شفاف طریقہ کار کے تحت کیا گیا، جہاں تمام شریک کمپنیوں اور ٹھیکیداران کو آزادانہ ماحول میں اپنی پیشکش جمع کرانے کا موقع فراہم کیا گیا۔ حکام کے مطابق مقررہ معیار اور فنی تقاضوں پر پورا اترنے والی اہل تعمیراتی کمپنیوں کو متعلقہ ترقیاتی کام تفویض کیے جائیں گے۔
ٹینڈر کے عمل میں شریک ٹھیکیداران نے شفاف طریقہ کار پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر محترمہ فریدہ ترین، لیفٹیننٹ کرنل شعیب حسن خان اور متعلقہ محکموں کے افسران کی جانب سے اوپن اور شفاف انداز میں ٹینڈر کرانے کے اقدام کو سراہا۔حکام کے مطابق بی ایس ڈی آئی کے فیز ون اور فیز ٹو کے تحت ضلع صحبت پور میں متعدد عوامی فلاحی منصوبے مکمل کیے جاچکے ہیں، جبکہ فیز تھری میں بھی عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی اور اجتماعی نوعیت کے ترقیاتی کاموں پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں