خیبرپختونخوا میں 25 جون سے یکم جولائی تک موسلا دھار مون سون بارشوں کی پیشگوئی، ضلعی انتظامیہ کو پیشگی اقدامات کی ہدایت

پشاور(این این آئی)حکومت خیبرپختونخوا نے صوبے بھر کے تمام ڈپٹی کمشنرز کو مون سون کی تازہ لہر کے پیش نظر الرٹ جاری کرتے ہوئے فوری پیشگی اقدامات کی ہدایت جاری کی ہے۔ پاکستان محکمہ موسمیات کے مطابق 25 جون سے یکم جولائی 2025 تک خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے شدید بارشوں کا امکان ہے۔صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی جانب سے جاری کردہ سرکاری مراسلے میں بتایا گیا ہے کہ محکمہ موسمیات کے ریجنل میٹ آفس پشاور کے مطابق نم ہوائیں صوبے کے بیشتر علاقوں میں داخل ہو چکی ہیں جو آئندہ دنوں میں مزید شدت اختیار کر سکتی ہیں۔ اس دوران ایک مغربی ہوائی سلسلہ 25 جون کو خیبرپختونخوا میں داخل ہوگا جو 26 جون سے نمایاں اثرات کے ساتھ بارشوں کا باعث بنے گا۔مراسلے میں کہا گیا ہے کہ ان موسمی حالات کے زیر اثر صوبے کے متعدد اضلاع میں گرج چمک، آندھی اور تیز ہواؤں کے ساتھ ہلکی سے شدید بارشیں متوقع ہیں۔ بعض مقامات پر یہ بارشیں بہت زیادہ بھی ہو سکتی ہیں۔ بارشیں ہری پور، ایبٹ آباد، مانسہرہ، اپر و لوئر چترال، اپر و لوئر دیر، سوات، بونیر، ملاکنڈ، بٹگرام، شانگلہ، اپر و لوئر کوہستان، کولائی پالس، تورغر، اور صوبے کے وسطی و جنوبی اضلاع جن میں پشاور، مردان، صوابی، نوشہرہ، چارسدہ اور قبائلی اضلاع کو متاثر کرسکتی ہیں۔ پی ڈی ایم اے نے ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ممکنہ سیلاب، لینڈ سلائیڈنگ، شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ، اور کمزور ڈھانچوں کو پہنچنے والے ممکنہ نقصانات سے بچاؤ کے لیے ہنگامی منصوبہ بندی اور حفاظتی اقدامات فوری طور پر مکمل کریں تاکہ انسانی جانوں، املاک، اور مواصلاتی نظام کو ممکنہ نقصان سے محفوظ رکھا جا سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں