بلوچستان (این این آئی)بلوچستان اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے محکمہ ترقی نسواں کا اجلاس جمعرات کو کمیٹی کے چیئرمین فضل قادر مندوخیل کی زیر صدارت منعقد ہوا۔اجلاس میں ڈپٹی اسپیکر بلوچستان اسمبلی محترمہ غزالہ گولہ، اراکینِ اسمبلی میر زابد علی ریکی، راحیلہ حمید خان درانی، ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی، فرح عظیم شاہ، کلثوم نیاز بلوچ، صفیہ بی بی، مینہ مجید بلوچ اور سلمیٰ کاکڑ نے شرکت کی۔اجلاس میں سیکرٹری اسمبلی طاہر شاہ کاکڑ، سیکرٹری محکمہ ترقی نسواں سائرہ عطا، اور اسپیشل سیکرٹری اسمبلی عبدالرحمٰن بھی شریک تھے۔اجلاس کے دوران خواتین کو کام کی جگہ پر ہراسانی سے تحفظ فراہم کرنے سے متعلق ترمیمی مسودہ قانون 2025ء کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اراکینِ کمیٹی نے بل کی مختلف شقوں اور دفعات پر غور کرتے ہوئے اہم نکات پر اپنی تجاویز پیش کیں۔مجوزہ ترمیمات ممبران اسمبلی کی جانب سے بلوچستان میں ایک منصفانہ، مساوات پر مبنی اور خواتین دوست ورک کلچر کے فروغ کی جانب ایک مثبت قدم ہے کمیٹی نے اپنی سفارشات مرتب کر کے بل کو آئندہ اجلاس میں پیش کرنے کی تجویز دی۔

