اسلام آباد/کوئٹہ (این این آئی)پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے چیئرمین، تحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف محمود خان اچکزئی نے حکومت، گورنر راج، انتخابی عمل، سیاسی رہنماؤں سے ملاقاتوں پر پابندیوں اور صوبوں کے وسائل و اختیارات کے حوالے سے سخت تنقید کی ہے۔بدھ کو قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے محمود خان اچکزئی نے کہا کہ 8فروری 2024 کے انتخابات کے نتیجے میں قائم حکومت کی قانونی حیثیت پر سوالات ہیں۔ ان کے بقول خیبرپختونخوا نے عوام کی حمایت سے دہشت گردی کا مقابلہ کیا، لیکن صوبے کے ساتھ امتیازی سلوک کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر عوام کے ووٹ، خودمختاری اور حقوق کو طاقت کے ذریعے دبانے کی کوشش کی گئی تو تمام صوبوں کے لوگ اس کے خلاف کھڑے ہوں گے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ پارلیمنٹ کو طاقت کا سرچشمہ بنایا جائے اور پشتون، بلوچ، سندھی، سرائیکی اور پنجابی عوام کو اپنے وسائل اور علاقوں پر اختیار دیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ قوموں کی زمینوں، معدنیات اور پانیوں پر قبضے اور ناانصافیوں سے بے چینی پیدا ہوتی ہے۔ انہوں نے ملک میں غربت، کرپشن اور عوامی وسائل کے استعمال پر بھی سوالات اٹھاتے ہوئے سول اور ملٹری اداروں سے کرپشن کے معاملات سامنے لانے کا مطالبہ کیا۔محمود اچکزئی نے دہشت گردی کے حوالے سے ماضی کی پالیسیوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان کی جنگ میں مداخلت کے نتائج آج بھی ملک کو بھگتنا پڑ رہے ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ عوام کے خلاف طاقت کے استعمال اور سیاسی مسائل کو جبر کے ذریعے حل کرنے سے ملک کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔انہوں نے عمران خان سے ملاقات کی اجازت دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی شخصیات کو اعتماد میں لے کر معاملات حل کیے جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ عمران خان سے ملاقات کرکے ان کی بات سننے اور اختلافات کی صورت میں حقائق کی بنیاد پر اپنا موقف پیش کرنے کے لیے تیار ہیں۔ انہوں نے سیاسی رہنماں اور حکومت پر زور دیا کہ مسائل کا حل مذاکرات کے ذریعے نکالا جائے۔محمود خان اچکزئی نے ذوالفقار علی بھٹو کے خلاف ماضی کے اقدامات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ سیاسی رہنماؤں کو نشانہ بنانے کے سنگین نتائج برآمد ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ گورنر راج اور ایمرجنسی سے متعلق اقدامات پر نظرثانی کی جائے، عوام سے براہ راست بات چیت کی جائے اور آئین و پارلیمنٹ کی بالادستی یقینی بنائی جائے۔

