لسبیلہ اور اوتھل میں طویل غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ پر شدید احتجاج، قومی شاہراہ بند

لسبیلہ(بیوروچیف حفیظ دانش)بجلی کی غیر اعلانیہ اور طویل بندش پر بیلہ اور اوتھل میں شدید احتجاج، قومی شاہراہ بند، جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب لسبیلہ کے تاریخی شہر بیلہ اور اوتھل میں کے الیکٹرک کی جانب سے غیر اعلانیہ اور طویل بجلی بندش پر عوام کا صبر جواب دے گیا شدید گرمی اور بجلی کی عدم فراہمی نے عوام کو ذہنی و جسمانی اذیت میں مبتلا کر دیا۔ احتجاجی مظاہرین نے اوتھل اور بیلہ سے مختلف مقامات پر قومی شاہراہ کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دیاجس کے باعث ٹریفک کی روانی بری طرح متاثر ہوئی۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ کئی کئی گھنٹے بجلی غائب رہتی ہے اور کے الیکٹرک حکام کے رویے میں کسی قسم کی سنجیدگی یا ہمدردی کا مظاہرہ نہیں کیا جا رہا انہوں نے الزام لگایا کہ علاقے کے منتخب نمائندے اور انتظامیہ بھی محض خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں عوام نے وفاقی و صوبائی حکومت سے مطالبہ کیاکہ فوری طور پر بجلی کی فراہمی بحال کی جائے اور کے الیکٹرک کے خلاف سخت کارروائی کی جائے تاکہ عوام کو اس اذیت سے نجات مل سکے۔بعد ازاں اسسٹنٹ کمشنر رومیل نعیم جان سے کامیاب مذاکرات کے بعد مظاہرین نے شاہراہ کو ٹریفک کے لیے کھول دیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں