چاغی میں نامعلوم مسلح افراد نے موٹرسائیکل چھیننے کے دوران مزاحمت پر فائرنگ کرکے ایک شخص کو زخمی کردیا

چاغی(این این آئی) چاغی میں نامعلوم مسلح افراد نے موٹرسائیکل چھیننے کے دوران مزاحمت پر فائرنگ کرکے ایک شخص کو زخمی کردیا ہسپتال زرائع کے مطابق سب چاغی کے علاقے شادی شیف کے قریب نامعلوم مسلح ڈاکوؤں نے ایک موٹر سائیکل سوار سے اس کی موٹر سائیکل چھیننے کی کوشش کی۔ مزاحمت کرنے پر ڈاکوؤں نے موٹر سائیکل سوار کو بری طرح تشدد کا نشانہ بنایا، جس سے وہ شدید زخمی ہو کر بے ہوش ہو گیا۔ ملزمان شہری کو سڑک پر نیم مردہ حالت میں چھوڑ کر موٹر سائیکل لے کر فرار ہو گئے۔ذرائع کے مطابق زخمی ہونے والے شخص کی شناخت نصیر خان ولد عبدالمجید مینگل کے نام سے ہوئی ہے، جنہیں فوری طور پر آر ایچ سی چاغی منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹر عبدالباسط زہری نے ابتدائی طبی امداد فراہم کی۔ ڈاکٹروں کے مطابق زخمی کی حالت تشویشناک ہے۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی مقامی انتظامیہ متحرک ہو گئی ہے اور چاغی پولیس کی جانب سے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ پولیس نے علاقے کی ناکہ بندی کر کے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔عوام نے اس واقعے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ علاقے میں امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنایا جائے اور مجرموں کو جلد از جلد گرفتار کر کے کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں