کوئٹہ(این این آئی) الیکشن کمیشن آف پاکستان کے جاری کردہ شیڈول کے مطابق بلوچستان میں (ضلع کوئٹہ کے علاوہ) لوکل کونسلز کی مخصوص نشستوں پر ضمنی انتخابات کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا عمل مکمل ہو چکا ہے۔ اس سلسلے میں امیدواروں کی ابتدائی فہرست 28 جون 2025 کو جاری کی جائے گی۔ جس کے بعد کاغذاتِ نامزدگی کی جانچ پڑتال 30 جون سے 2 جولائی 2025 تک متعلقہ ریٹرننگ افسران کریں گے۔ ریٹرننگ افسران کے فیصلوں کے خلاف 3 سے 8 جولائی 2025 تک اپلیٹ اتھارٹی کے پاس اپیلیں دائر کی جاسکیں گی۔ انتخابی عمل کے اگلے مرحلے میں امیدواروں کو انتخابی نشان الاٹ کرنے اور امیدواروں کی حتمی فہرست کی اشاعت 15 جولائی 2025 کو ہوگی۔ جبکہ پولنگ 3 اگست 2025 کو ہوگی۔

