صحبت پور( عطا محمد کھوسہ ) صوبائی وزیر میر سلیم خان کھوسہ نے لائیو اسٹاک دفتر کا افتتاح کر دیا، ترقیاتی منصوبے جلد مکمل کرنے کی یقین دہانی صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات میر سلیم خان کھوسہ نے حکومت بلوچستان کی جانب سے بلوچستان اسپیشل ڈویلپمنٹ انیشی ایٹو (BSDI) کے تحت لائیو اسٹاک کے دفتر کا ربن کاٹ کر افتتاح کر دیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر صحبت پور فریدہ ترین سمیت دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔
افتتاحی تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر میر سلیم خان کھوسہ نے کہا کہ حکومت بلوچستان صوبے بھر میں تعمیر و ترقی اور عوامی خوشحالی کے وژن کے تحت عملی اقدامات کر رہی ہے۔ مختلف ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے، جبکہ متعدد منصوبے مکمل بھی ہو چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ضلع صحبت پور میں تعلیم، صحت، اسکولوں اور دیگر بنیادی سہولیات کی بہتری کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں اور ضلع کو مزید ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے کوششیں جاری ہیں۔
میر سلیم خان کھوسہ نے کہا کہ **حیر دین ڈرینج منصوبے پر جلد کام شروع کیا جائے گا** تاکہ قدرتی آفات کے دوران آنے والے پانی کی نکاسی کے لیے مؤثر راستہ فراہم کیا جا سکے۔ اسی طرح حیر دین سے ڈیرہ اللہ یار تک سڑک کی تعمیر کا کام بھی جلد شروع کرنے کی کوشش کی جائے گی۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ ورلڈ بینک کی جانب سے فراہم کردہ فنڈز عوامی فلاح و بہبود اور بنیادی سہولیات کی بہتری کے لیے استعمال کیے جا رہے ہیں۔ صحت کے شعبے میں بھی اقدامات جاری ہیں، جبکہ صحبت پور میں ڈائیلاسز کی سہولت سے مریضوں کو ریلیف ملا ہے اور انہیں علاج کے لیے جیکب آباد اور سکھر جانے کی مشکلات میں کمی آئی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ صحبت پور بائی پاس کی تعمیر سے شہریوں کو آمدورفت میں سہولت ملے گی، ٹریفک کے مسائل کم ہوں گے اور شہر کی تجارتی سرگرمیوں اور رونقوں میں اضافہ ہوگا۔
صوبائی وزیر میر سلیم خان کھوسہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت عوامی توقعات پر پورا اترنے اور ضلع صحبت پور میں ترقیاتی منصوبوں کے ذریعے عوام کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔

