سیوی (پریس ریلیز ) ورکنگ جرنلسٹ میڈیا گروپ سیوی کے صدر میر اللہ داد رند، جنرل سیکرٹری خرم شہزاد اور سینیر نائب صدر اللہ یار ڈومکی و دیگر کابینہ نے صحافیوں کے خلاف جرائم کے خاتمے کے عالمی دن کے موقع پر اپنے مشترکہ پیغام میں کہا ہے کہ صحافیوں کا تحفظ، آزادیٔ صحافت اور اظہارِ رائے کی آزادی کسی بھی جمہوری معاشرے کی بنیادی ضرورت ہے۔ صحافی معاشرے کے مسائل، عوامی مشکلات اور حقائق کو اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں، لیکن بدقسمتی سے صحافیوں کو اپنے پیشہ ورانہ فرائض کی انجام دہی کے دوران دھمکیوں، تشدد، ہراسانی اور قتل جیسے سنگین واقعات کا سامنا کرنا پڑتا ہے انہوں نے کہا کہ صحافیوں کو دھمکیاں دینے، تشدد کا نشانہ بنانے اور قتل جیسے واقعات میں ملوث عناصر کو فوری طور پر قانون کے کٹہرے میں لایا جائے اور انہیں قرار واقعی سزا دی جائے۔ صحافیوں کے خلاف جرائم میں ملوث عناصر کو سزا نہ ملنا انصاف کے نظام اور قانون کی عملداری پر سوالیہ نشان ہے صحافیوں کو تحفظ فراہم کرنا حکومت اور متعلقہ اداروں کی بنیادی ذمہ داری ہے ورکنگ جرنلسٹ میڈیا گروپ کے رہنماؤں نے کہا کہ صحافیوں کے تحفظ کو یقینی بنانے اور ان کے خلاف ہونے والے جرائم کی روک تھام کے لیے مؤثر اور عملی اقدامات کیے جائیں تاکہ صحافی بلاخوف و خطر اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں ادا کرسکیں۔ آزادیٔ صحافت پر قدغن لگانا، صحافیوں کو ہراساں کرنا اور ان کی آواز دبانے کی کوششیں کسی صورت قابل قبول نہیں انہوں نے مزید کہا کہ آزاد، محفوظ اور ذمہ دار صحافت ہی ایک مضبوط، باشعور اور جمہوری معاشرے کی ضمانت ہے۔ صحافیوں کے خلاف جرائم کا خاتمہ، آزادیٔ صحافت کا تحفظ اور متاثرہ صحافیوں کو انصاف کی فراہمی وقت کی اہم ضرورت ہے انہوں نے بلوچستان سمیت ملک بھر کے صحافیوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے باہمی اختلافات ختم کرکے صحافیوں کے حقوق، تحفظ اور آزادیٔ صحافت کے لیے متحد ہوجائیں، کیونکہ صحافیوں کا اتحاد ہی ان کے حقوق کے تحفظ اور درپیش مسائل کے حل کی مؤثر ضمانت ہے۔ ورکنگ جرنلسٹ میڈیا گروپ صحافیوں کے حقوق، عزت و وقار، تحفظ اور آزادیٔ صحافت کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گا

