سیوی میں تمام بینکوں کی اے ٹی ایم مشینیں بند ہونے کے خلاف بلوچستان لیبر فیڈریشن یونین کی ریلی، نیشنل بینک کے سامنے احتجاجی مظاہرہ

سیوی (نامہ نگار) بلوچستان لیبر فیڈریشن یونین کی جانب سے میر محمد مری کی سربراہی میں سیوی میں تمام بینکوں کی اے ٹی ایم مشینوں کی بندش، تنخواہوں کی عدم ادائیگی اور بینکوں کی مبینہ ناقص کارکردگی کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی گئی اور نیشنل بینک کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، جس میں بلوچستان لیبر فیڈریشن یونین کے نمائندوں اور ملازمین نے شرکت کی۔
مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ سیوی میں بینکوں کی کارکردگی سے ملازمین مطمئن نہیں ہیں۔ ہر ماہ جب پہلی تاریخ قریب آتی ہے تو بینکوں کی اے ٹی ایم مشینیں بند کردی جاتی ہیں، جس کے باعث سرکاری و دیگر ملازمین کو اپنی تنخواہیں وصول کرنے میں شدید مشکلات اور پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے انہوں نے مائیکرو فنانس بینکوں پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ قرضوں کی مد میں ملازمین کو سخت شرائط کے ذریعے مالی مشکلات سے دوچار کیا جا رہا ہے۔ سیوی کے بیشتر ملازمین انگریزی زبان کی شرائط کو مکمل طور پر سمجھنے کی صلاحیت نہیں رکھتے، اس کے باوجود ان سے انگریزی میں تحریر شدہ دستاویزات پر دستخط یا انگوٹھے کے نشانات حاصل کیے جاتے ہیں، جس کے باعث وہ مبینہ طور پر سودی قرضوں اور پیچیدہ شرائط میں جکڑ جاتے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ قرضوں سے متعلق تمام شرائط آسان اور عام فہم اردو زبان میں تحریر کی جائیں تاکہ ملازمین انہیں پڑھ اور سمجھ سکیں مقررین نے نیشنل بینک کی انتظامیہ پر بھی زور دیا کہ ریٹائرڈ ضعیف العمر ملازمین اور ان کی بیواؤں کو پنشن کے حصول کے لیے بار بار بینک آنے کی پابندی سے مستثنیٰ قرار دیا جائے۔ بینک کا عملہ خود ان کے گھروں پر جا کر تصدیق کرے اور انہیں باقاعدگی سے پنشن کی ادائیگی یقینی بنائے تاکہ ضعیف العمر افراد اور بیواؤں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے مظاہرین نے متعلقہ بینکوں کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ سیوی کے تمام بینکوں کی اے ٹی ایم مشینیں فوری طور پر بحال کی جائیں، ملازمین کی تنخواہوں کی بروقت ادائیگی یقینی بنائی جائے، مائیکرو فنانس بینکوں کی قرضوں سے متعلق شرائط آسان اردو میں فراہم کی جائیں اور ریٹائرڈ ملازمین سمیت ان کی بیواؤں کو پنشن کے حصول میں درپیش مشکلات کا فوری ازالہ کیا جائے

اپنا تبصرہ بھیجیں