تربت (این این آئی) جامعہ تربت نے یونیسیف اور حکومت بلوچستان کے اشتراک سے موسمیاتی تبدیلی کے موضوع پر آگاہی سیشن کا انعقاد کیا۔ سیشن میں جامعہ تربت کے فیکلٹی ممبران، طلبہ اور گرین یوتھ موومنٹ کلب سمیت مختلف اسٹوڈنٹ کلبزاور سوسائٹیز کے ممبران نے شرکت کی۔ سیشن میں لسبیلہ یونیورسٹی آف ایگریکلچر، واٹر اینڈ میرین سائنسز کے ڈاکٹر حمید بلوچ اور ڈاکٹر عزیز احمد، یونیسیف کے صوبائی فیلڈ کوآرڈینیٹر فراز گچکی اور فیکلٹی آف سائنس، انجینئرنگ اینڈ آئی ٹی کے ڈین ڈاکٹر حنیف الرحمٰن نے بطور کلیدی مقررین شرکاء سے خطاب کیا۔ انہوں نے موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لئے طلبہ اور نوجوانوں کے کردار اور ماحول دوست طرزِ عمل اپنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ سیشن میں جامعہ تربت کے فیکلٹی ممبران ڈاکٹر عبدالقیوم، ڈاکٹر غلام جان اور ثمینہ فقیر نے بھی خطاب کیا۔ سیشن کا مقصد طلبہ میں موسمیاتی تبدیلی سے متعلق آگاہی پیدا کرنا اور انہیں پانی کے ناقص انتظام، جنگلات کی کٹائی اور گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج جیسے مسائل سے نمٹنے کے لیے ترغیب دی گئی۔ مقررین نے موسمیاتی تبدیلی کے اسباب، اس کی روک تھام کے طریقوں اور ماحول اور روزمرہ زندگی پر اس کے اثرات پر بھی روشنی ڈالی۔ سیشن کے اختتام پر کوئز مقابلہ منعقد ہوا اور کامیاب طلبہ میں انعامات تقسیم کیے گئے۔ جامعہ کے ترجمان کے مطابق سیشن کے بعد مہمان مقررین نے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر گل حسن سے ان کے چیمبر میں ملاقات کی۔ وائس چانسلر نے ایک مفید اور بامقصد پروگرام کے انعقاد پر منتظمین کی کاوششوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ جامعہ تربت اپنی قومی ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھا رہی ہے اور جامعہ تربت کے مختلف کلبز اینڈ سوسائٹیز موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لئے اپنا کردار ادا کرنے کے لئے پر عزم ہیں اور اس سلسلے میں گرین اینڈ کلین کیمپس مہم پر عمل پیرا ہیں۔

