گوادر کے تعلیمی مسائل کے حل،سکولوں میں سہولیات فراہمی کیلئے فوری اقدامات کیے جائیں،مولانا ہدایت الرحمان بلوچ

کوئٹہ(این این آئی)امیر جماعت اسلامی بلوچستان و رکن بلوچستان اسمبلی مولانا ہدایت الرحمان بلوچ کی زیرِ صدارت ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفس گوادر میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ضلع بھر کے اسکولوں میں تعلیمی سرگرمیوں کی بہتری، درپیش مسائل کے حل اور بنیادی سہولیات کی فراہمی سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر زاہد بلوچ، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر (فیمیل)زرخاتون، یونیسف گوادر کے انچارج عادل نودیزئی سمیت محکمہ تعلیم کے مختلف افسران نے شرکت کی۔اس موقع پر مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے کہا کہ ضلع گوادر کے تعلیمی اداروں کو درپیش مسائل کے حل کے لیے فوری اور عملی اقدامات کیے جائیں۔ اسکولوں میں تعلیمی سرگرمیوں کو مؤثر بنانے، اساتذہ کی کارکردگی بہتر کرنے اور طلبہ کو ضروری سہولیات فراہم کرنے کے لیے متعلقہ حکام سنجیدگی سے اپنی ذمہ داریاں ادا کریں۔انہوں نے واضح کیا کہ ضلع گوادر میں تعلیم اور صحت کے شعبوں پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گاان دونوں شعبوں کی بہتری کے لیے ان کا تعاون جاری رہے گاتاہم متعلقہ افسران اور محکمہ تعلیم کو بھی عوامی توقعات کے مطابق عملی اقدامات کرنا ہوں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں