کوئٹہ(این این آئی) گورنر بلوچستان شیخ جعفر خان مندوخیل نے کہا ہے کہ بلوچستان میں گورنر راج کے نفاذ کے حوالے سے آگاہ نہیں تاہم صوبے میں قیام امن کے لیے اقدامات کرنے ہونگے، ایف ڈبلیو او غیر معمولی حالات میں کام کر کے منصوبے مکمل کر کے دیتی ہے۔ یہ بات انہوں نے کوئٹہ میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں گورنر راج کے نفاذ کے حوالے سے کسی قسم کا علم نہیں اور نہ ہی میں نے کبھی اس بارے میں سوچا ہے یہ معاملہ اسلام آباد کے صاحب اختیار لوگوں کے ہاتھ میں ہے وہی دیکھیں گے اور فیصلہ کریں گے کہ صوبے میں کس طرح بہتری لائی جاسکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ ایف ڈبلیو او ان علاقوں میں کام کرتی ہے جہاں عام طور پر کمپنیاں کام نہیں کرسکتی اور غیر معمولی حالات ہوتے ہیں۔ایف ڈبلیو او ہمیشہ منصوبے مکمل کرکے دیتی ہے اور ان کے بھی پیٹی ٹھیکیدار ہوتے ہیں جو کام کرتے ہیں تاہم حکومتیں عام طور پر ایف ڈبلیو او کو ٹاسک کے طور پر کام دیتی ہیں تاکہ غیر معمولی حالات میں کام مکمل کیا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ میں نے کبھی سائٹ پر جا کر ایف ڈبلیو او کے کام کی کوائلٹی نہیں دیکھی لہذا اس پر تبصرہ نہیں کرسکتا۔

