چٹکی بجا کر امپائر کو دھوکا دینے والا کرکٹر مشکل میں، پابندی عائد

انگلینڈ میں امپائر کو دھوکا دے کر متنازع انداز میں وکٹیں حاصل کرنے والے شوقیہ کرکٹر برائن ڈیوائن پر دو سال کے لیے کرکٹ کھیلنے سمیت تمام سرگرمیوں میں حصہ لینے پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔

سالٹ برن کرکٹ کلب کی سیکنڈ ٹیم سے تعلق رکھنے والے برائن ڈیوائن کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی جس میں وہ گیند بیٹ کے قریب سے گزرنے پر چٹکی بجا کر آواز نکال کر امپائر کو دھوکہ دیتے نظر آئے۔

یہ معاملہ نارتھ یارکشائر اینڈ ساؤتھ ڈرہم کرکٹ لیگ کی جانب سے اس وقت زیرِ تفتیش آیا جب سیکنڈ الیون ڈویژن ٹو کے ایک میچ میں سالٹ برن نے نارٹن کو 159 رنز سے شکست دی۔

میچ کے بعد نارٹن کلب نے ایک شکایت درج کرائی جس میں الزام لگایا گیا کہ برائن ڈیوائن نے نارٹن کے بلے باز نعمان شبیر کے شاٹ کے دوران گیند کے بلے کے قریب سے گزرنے پر چٹکی بجائی جس سے ایسا تاثر پیدا ہوا کہ گیند بلے سے لگی ہے۔

اس کے بعد وکٹ کیپر جوش بوز نے کیچ پکڑا اور اپیل پر امپائر نے بلے باز کو آؤٹ قرار دے دیا۔

اس واقعے کے بعد انہیں سوشل میڈیا پر ’کلکی پونٹنگ‘ کا نام دیا گیا۔

انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کی تحقیقات کے بعد ڈیوائن کو 29 ستمبر 2028 تک تمام کرکٹ سرگرمیوں سے معطل کردیا گیا ہے۔

پابندی میں کھیلنے کے علاوہ کوچنگ، امپائرنگ، اسکورنگ اور جونیئر ٹیموں کی نگرانی بھی شامل ہے۔

اس واقعے پر سالٹ برن کلب کو بھی سزا دی گئی ہے۔ کلب کی سیکنڈ ٹیم کو تیسرے ڈویژن میں بھیج دیا گیا جبکہ 2027 کے سیزن کا آغاز 60 پوائنٹس کی کٹوتی سے ہوگا۔

اس کے علاوہ کلب پر 300 پاؤنڈ جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے۔

کلب نے فیصلے کو قبول کرتے ہوئے آئندہ سیزن کی تیاریوں پر توجہ دینے کا اعلان کیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں