کوئٹہ(این این آئی) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صوبائی رہنماسید جہانگیر شاہ نے کہا ہے کہ صوبے میں قیام امن کیلئے پاک فوج اورسیکورٹی اداروں کی قربانیاں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہیں صوبے کا امن خراب کرنے میں قبائلی عمائدین کا بھی ہاتھ ہے جن کے ساتھ سختی سے نمٹا جانا چاہئے۔ یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال خراب کرنے،چوری،ڈکیتیوں میں قبائلی عمائدین اورانکے کارندوں کا ہاتھ ہے امن و امان خراب کرنے والے صوبے کے خیرخواہ نہیں ہوسکتے انکے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جانا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ کور کمانڈر بلوچستان اور سیکٹر کمانڈر دہشت گردوں،چوری ٗڈکیتی کی وارداتوں کی پشت پناہی کرنے والے قبائلی عمائدین اورانکے کارندوں کے خلاف بھی بلا امتیاز کارروائی کریں۔ انہوں نے کہا کہ صوبے سے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پاک فوج،ایف سی،پولیس اوردیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے جوان اورافسران اپنی جانوں کے نذرانے پیش کر رہے ہیں جنہیں ہم خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بعض افراد اپنے ذاتی مفادات کے حصول کیلئے پاک فوج اورسیکورٹی اداروں پر بلاجواز تنقید کرتے ہیں جو کسی بھی طرح درست نہیں ہے۔ انہوں نے کہاکہ بلوچستان کی تعمیر و ترقی میں مسلم لیگ(ن) کے قائد میاں محمد نواز شریف، وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف،گورنر بلوچستان شیخ جعفرخان مندوخیل کا بڑا اہم کردار ہے جس پر ہم انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

