کوئٹہ +اسلام آباد(این این آئی)جمعیت علماء اسلام کے سربراہ حضرت مولانا فضل الرحمٰن نے کہا ہے کہ سرکاری مشینری کے ذریعے منفی پروپیگنڈوں کا مقصد ملک کو درپیش بحرانوں اور عوامی حقوق کے حوالے سے ہمارے جاندار قومی مؤقف سے توجہ ہٹانا ہے، عوامی حقوق، معدنیات و قدرتی وسائل کی لوٹ مار، گورنر راج کے نفاذ اور قومی ذخائر پر قبضے کے خلاف ہمارا موقف واضح اور دوٹوک ہے، ملک کی معاشی بدحالی اور عوامی زبوں حالی کے خلاف ہماری جدوجہد جاری رہے گی اور اس موقف میں کسی قسم کی تبدیلی ممکن نہیں۔ میرے اور جماعت کے دیگر قائدین کے خلاف منفی سازشوں، مضحکہ خیز اور غیر اخلاقی مہم کا سلسلہ قومی وقار اور جمہوری اقدار کے منافی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں جمعیت علماء اسلام بلوچستان کے صوبائی امیر سینیٹر مولانا عبدالواسع سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر صوبائی امیر سینیٹر مولانا عبدالواسع نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام کی مرکزی قیادت کے ہر حکم پر بلوچستان کے کارکنان ہراول دستے کا کردار ادا کرنے سے کبھی دریغ نہیں کریں گے اور جماعتی قیادت کی ہدایات پر بھرپور عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا۔ ملاقات میں صوبائی سیکرٹری جنرل آغا محمود شاہ اور جمعیت علماء اسلام ضلع قلات کے امیر آغا فضل الرحمٰن شاہ بھی موجود تھے۔

