کوئٹہ: بلوچستان پولیس اور نادرا کے درمیان جدید ڈیجیٹل شناختی سروسز کی فراہمی کے لیے اہم معاہدہ طے پا گیا، جس کے تحت پولیس کو جدید ملٹی بائیومیٹرک ویری فکیشن سسٹم سمیت مختلف ڈیجیٹل سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
معاہدے کے حوالے سے منعقدہ تقریب میں آئی جی پولیس بلوچستان محمد طاہر، ڈی جی نادرا سہیل جہانگیر سمیت بلوچستان پولیس اور نادرا کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ معاہدے کے حوالے سے منعقدہ تقریب میں آئی جی پولیس بلوچستان محمد طاہر، ڈی جی نادرا سہیل جہانگیر سمیت بلوچستان پولیس اور نادرا کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
معاہدے کے تحت بلوچستان پولیس کو ملٹی بائیو میٹرک ویری فکیشن سسٹم کی سہولت فراہم کی جائے گی، جبکہ آئی ڈی موبائل ایپ کے ذریعے شہریوں کی بائیو میٹرک تصدیق بھی ممکن ہو سکے گی۔ اس جدید نظام کے ذریعے شناختی کارڈز اور دیگر ڈیجیٹل شناختی دستاویزات کی جانچ کو مزید مؤثر بنایا جائے گا۔
اسی طرح نادرا کی فرانزک ایپ کے ذریعے فنگر پرنٹس اور چہرے کی شناخت کی سہولت بھی دستیاب ہوگی، جو جرائم کی تفتیش اور مشتبہ افراد کی شناخت میں پولیس کے لیے مددگار ثابت ہوگی۔ معاہدے میں شہریوں کے کوائف کے تحفظ اور رازداری کو یقینی بنانے پر بھی خصوصی توجہ دی گئی ہے۔
حکام کے مطابق نادرا اور بلوچستان پولیس کے درمیان یہ تعاون صوبے میں ڈیجیٹل پولیسنگ کے فروغ کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے، جس سے عوام کی خدمت، سلامتی اور تحفظ کے نظام کو مزید مؤثر بنانے میں مدد ملے گی۔
نادرا اور بلوچستان پولیس کے حکام نے اس عزم کا اظہار کیا کہ باہمی تعاون کے ذریعے شفاف، جدید اور عوام دوست پولیسنگ کو فروغ دیا جائے گا۔

