کراچی (اسٹاف رپورٹر) سابق رکن سندھ اسمبلی سلیم خورشید کھوکھر نے سندھ اسمبلی میں پیش کیے جانے والے کرسچن فیملی لاء بل نمبر 5، 2026 پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ بل کو فوری طور پر واپس لیا جائے اور اس کی تیاری سے لے کر اسمبلی میں پیش کیے جانے تک کے تمام مراحل کی تحقیقات کرائی جائیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ڈپٹی اسپیکر سندھ اسمبلی نوید انتھونی نے آئینی و قانونی تقاضے پورے کیے بغیر مالی نوعیت کے بل کو نجی بل کے طور پر پیش کیا، جو اختیارات سے تجاوز اور آئینی اصولوں کے منافی ہے۔
کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سلیم خورشید کھوکھر نے کہا کہ مذکورہ بل اسمبلی کے قواعد و ضوابط 2013 کے رول 94 کے تحت نجی بل کے طور پر پیش کیا گیا ہے اور اس وقت قائمہ کمیٹی برائے اقلیتی امور سندھ اسمبلی کے پاس منظوری کے لیے موجود ہے، تاہم بل کا موجودہ مسودہ واضح طور پر مالی نوعیت کا حامل ہے۔ ان کے مطابق آئین پاکستان کے آرٹیکل 115 کے تحت منی بل پیش کرنے کے لیے حکومت کی رضامندی ضروری ہے، لیکن ڈپٹی اسپیکر نے حکومت سندھ سے ایسی کوئی رضامندی حاصل نہیں کی۔
انہوں نے کہا کہ ڈپٹی اسپیکر سندھ اسمبلی ایوان کے کسٹوڈین ہونے کی حیثیت سے آئین پاکستان اور اسمبلی کے قواعد و ضوابط کے پابند ہیں، لیکن انہوں نے اپنے اختیارات سے تجاوز کرتے ہوئے ایک منی بل کو نجی بل کے طور پر پیش کرنے کی کوشش کی۔ ان کا کہنا تھا کہ جب کسی قانون کی بنیاد ہی غیر قانونی طریقے سے رکھی جائے تو اس کی قانونی حیثیت بھی مشکوک ہوجاتی ہے۔
سلیم خورشید کھوکھر نے سوال اٹھایا کہ اس بل سے پاکستان پیپلز پارٹی کو کیا فائدہ ہوگا؟ انہوں نے کہا کہ عالمی کیتھولک کلیسا کے روحانی پیشوا پوپ لوئس نے پاکستان کی سابق وزیراعظم شہید محترمہ بینظیر بھٹو کو بہادر خاتون قرار دیتے ہوئے جمہوریت، مذہبی آزادی اور اقلیتوں کے حقوق کے لیے ان کی جدوجہد کو خراج تحسین پیش کیا تھا۔ ان کے بقول اس بیان کے بعد خصوصاً پنجاب میں آباد مسیحی برادری میں پاکستان پیپلز پارٹی کے حوالے سے مثبت رجحان پیدا ہوا، لیکن اب اس بل کی موجودہ صورت حال نے مسیحی برادری میں تشویش اور بے چینی کو جنم دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک ملک ہے تو اس کے شہریوں کے لیے دو مختلف قانونی معیار کیوں؟ مسلم فیملی لاء پورے ملک میں یکساں طور پر نافذ ہے، جبکہ مسیحی برادری کے لیے مختلف صوبوں میں الگ الگ قوانین موجود ہیں۔ ان کا مؤقف تھا کہ تمام شہریوں کو مساوی حقوق اور قانونی تحفظ فراہم کرنا آئین پاکستان کی بنیادی روح ہے، لہٰذا مسیحی برادری کے شخصی قوانین سے متعلق قانون سازی میں بھی یکساں حقوق اور انصاف کے اصولوں کو مدنظر رکھا جانا چاہیے۔
انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ موجودہ بل مسیحی برادری اور پاکستان پیپلز پارٹی کے درمیان اعتماد کو متاثر کرنے کے علاوہ ملک میں آباد پرامن مسیحی قوم کے اندر انتشار پیدا کرنے کا سبب بن سکتا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت اور متعلقہ ادارے فوری طور پر اس معاملے کا نوٹس لیں اور تحقیقات کرائیں کہ مسیحی برادری کے پرسنل لاء سے متعلق اس اہم بل کی تیاری میں حقیقی مسیحی قیادت اور نمائندوں کو کس حد تک اعتماد میں لیا گیا۔
سلیم خورشید کھوکھر نے بل کی تیاری میں شامل افراد کی نمائندگی پر بھی سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ ان کے سامنے موجود تصویر کے مطابق بل کی تیاری میں شامل افراد میں ہندو برادری سے تعلق رکھنے والے افراد کی اکثریت ہے، جبکہ مسیحی برادری کی نمائندگی انتہائی محدود ہے۔ ان کے مطابق یہ امر انتہائی تشویش ناک ہے کہ مسیحی برادری کے مذہبی اور خاندانی قوانین سے متعلق قانون سازی میں خود مسیحی برادری کی مؤثر مشاورت اور نمائندگی کو یقینی نہیں بنایا گیا۔
انہوں نے مزید الزام عائد کیا کہ ڈپٹی اسپیکر نوید انتھونی نے اسمبلی میں بل پیش کرتے ہوئے اپنی تقریر میں کیتھولک بشپ بینی ٹروس، کراچی کے بشپ فریڈرک جان اور سپریم کورٹ کے وکیل شہباز سوہترا کے نام لے کر یہ تاثر دیا کہ مذکورہ شخصیات اس بل کی حمایت کرتی ہیں اور ان کی رضامندی بھی شامل ہے، جبکہ ان کے دعوے کے مطابق کیتھولک بشپ کانفرنس آف پاکستان کی سینیٹ اور اعلیٰ قیادت اس بل کو مسترد کرچکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر کسی قانون سازی کے حوالے سے مذہبی قیادت کی حمایت کا تاثر دیا جائے، جبکہ حقیقت اس کے برعکس ہو، تو یہ نہ صرف مسیحی برادری کے اعتماد کو ٹھیس پہنچاتا ہے بلکہ سندھ اسمبلی کے تقدس اور ذمہ دارانہ پارلیمانی طرز عمل پر بھی سوالات کھڑے کرتا ہے۔
سلیم خورشید کھوکھر نے ڈپٹی اسپیکر سندھ اسمبلی نوید انتھونی سے مطالبہ کیا کہ وہ کرسچن فیملی لاء بل فوری طور پر واپس لیں، سندھ اسمبلی کے معزز اراکین سے ایوان کے تقدس کو مجروح کرنے پر معافی مانگیں اور مسیحی برادری کی دل آزاری پر بھی پوری قوم سے معذرت کریں۔ انہوں نے حکومت سندھ اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا کہ اس بل کے تمام قانونی، آئینی اور مشاورتی پہلوؤں کی شفاف تحقیقات کرائی جائیں تاکہ مسیحی برادری کے حقوق، مذہبی آزادی اور ملک میں بین المذاہب ہم آہنگی کو تحفظ فراہم کیا جاسکے۔

