ٹریفک نظام کی بہتری، غیر قانونی پارکنگ،تجاوزات خاتمے کیلئے متعلقہ محکمے مربوط حکمت عملی کے تحت کام کریں، کمشنر کوئٹہ ذیشان لاشاری

کوئٹہ(این این آئی) کمشنر کوئٹہ ڈویژن ذیشان لاشاری کی زیر صدارت شہر میں ٹریفک کے نظام کو بہتر بنانے، ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے اور تجاوزات کے خاتمے کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں ایڈمنسٹریٹر میٹروپولیٹن کارپوریشن بشیر احمد بڑچ، ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہراللہ بادینی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ویسٹ محمد حنیف، سیکرٹری آر ٹی اے کوئٹہ شیردل خان بلوچ سمیت ٹریفک پولیس، پی پی پی، انجینئرنگ بیورو اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں شہر کے مختلف علاقوں میں ٹریفک کے مسائل، غیر قانونی پارکنگ، سڑکوں پر قائم تجاوزات اور ٹریفک کی روانی میں حائل رکاوٹوں کے خاتمے کے لیے اب تک کیے گئے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر متعلقہ حکام نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ زرغون روڈ پر امداد چوک سے اکرم ہسپتال تک تمام موٹرسائیکل اسٹینڈز اور غیر قانونی تجاوزات کا خاتمہ کر دیا گیا ہے، جبکہ ہسپتالوں کے دوروں کے دوران پارکنگ کے انتظامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔اجلاس کو بتایا گیا کہ ہسپتالوں کے اطراف ٹریفک جام اور رش کی بنیادی وجوہات میں مریضوں اور ان کے لواحقین کی گاڑیوں اور رکشوں کی غیر مناسب پارکنگ شامل ہے، جس کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی ہے۔ اس سلسلے میں ٹریفک پولیس کی جانب سے خصوصی نفری بھی تعینات کی گئی ہے تاکہ ٹریفک کی روانی برقرار رکھی جا سکے اور شہریوں، خصوصاً مریضوں کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔مزید بتایا گیا کہ انسکمب روڈ پر کمرشل سرگرمیوں پر پابندی عائد کرنے کے ساتھ ساتھ تجاوزات کا بھی خاتمہ کر دیا گیا ہے تاکہ سڑک کو ٹریفک کے لیے مکمل طور پر قابل استعمال بنایا جا سکے۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اسپنی روڈ، سمنگلی روڈ، سبزل روڈ، انسکمب روڈ اور شاہوانی لنک روڈ پر تعمیرات اور دیگر سرگرمیوں کے حوالے سے جامع پالیسی مرتب کی جائے گی۔ اس مقصد کے لیے میٹروپولیٹن کارپوریشن، کوئٹہ ڈویلپمنٹ پیکج (QDP)، ٹریفک پولیس، انجینئرنگ بیورو اور ضلعی انتظامیہ پر مشتمل افسران کی مشترکہ ٹیم تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا، جو مذکورہ سڑکوں کا تفصیلی سروے کرے گی۔اجلاس میں ہدایت کی گئی کہ مذکورہ ٹیم سات یوم کے اندر اپنی رپورٹ مرتب کرکے پیش کرے، جس میں سڑکوں کی موجودہ صورتحال، تعمیرات، تجاوزات، ٹریفک کی روانی اور دیگر متعلقہ امور کے تمام حقائق شامل کیے جائیں۔ رپورٹ کی روشنی میں ایک جامع پالیسی تیار کی جائے گی، جسے عدالت کے سامنے پیش کیا جائے گا تاکہ شہر میں ٹریفک کے مسائل کے مستقل حل اور تعمیراتی سرگرمیوں کو باقاعدہ ضابطے میں لانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا سکیں۔اجلاس میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ (PPP) کے تحت کوئٹہ شہر میں الیکٹرک رکشے چلانے کی تجویز پر بھی غور کیا گیا۔ اس حوالے سے متعلقہ حکام کو ہدایت کی گئی کہ وہ منصوبے کے تمام تکنیکی، انتظامی اور عملی پہلوؤں پر اپنی تیاری مکمل کریں اور آئندہ اجلاس میں جامع رپورٹ اور تفصیلی بریفنگ پیش کریں۔کمشنر کوئٹہ ڈویژن ذیشان لاشاری نے اس امر پر زور دیا کہ شہر میں ٹریفک کے نظام کی بہتری، غیر قانونی پارکنگ اور تجاوزات کے خاتمے کے لیے تمام متعلقہ محکمے باہمی رابطے اور مربوط حکمت عملی کے تحت کام کریں تاکہ شہریوں کو آمدورفت میں درپیش مشکلات کا خاتمہ ہو، سڑکوں کی گنجائش کو مؤثر انداز میں استعمال کیا جا سکے اور کوئٹہ شہر میں ٹریفک کا نظام بہتر بنایا جا سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں