سیوی: ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس آفس میں مبینہ رشوت ستانی اور بدانتظامی کی شکایات، ملازمین کا اعلیٰ حکام سے تحقیقات اور کارروائی کا مطالبہ

سیوی(نامہ نگار)ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس آفس سیوی میں مبینہ طور پر رشوت ستانی اور بدانتظامی کی شکایات سامنے آنے لگی ہیں۔ سرکاری ملازمین نے الزام عائد کیا ہے کہ دفتر میں ملازمین کے ایریئرز اور دیگر واجبات کے بل مبینہ طور پر رشوت کے بغیر پاس نہیں کیے جا رہے، جس کے باعث غریب اور سادہ لوح ملازمین کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے متاثرہ ملازمین کے مطابق ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس آفس میں مبینہ طور پر رشوت کا سلسلہ جاری ہے اور بعض اہلکار ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس آفیسر کی مبینہ سرپرستی میں ملازمین کو مختلف حیلے بہانوں سے پریشان کر رہے ہیں ملازمین کا کہنا ہے کہ ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس آفیسر اکثر دفتر سے غیر حاضر رہتے ہیں جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے دیگر عملہ افسر کی عدم موجودگی کا بہانہ بنا کر ملازمین کے بلوں اور سرکاری واجبات کی ادائیگی میں تاخیری حربے استعمال کرتا ہے ملازمین نے مزید کہا کہ اپنی جائز تنخواہوں، ایریئرز اور دیگر واجبات کے حصول کے لیے انہیں بار بار دفتر کے چکر لگانے پڑتے ہیں، لیکن مبینہ طور پر رشوت کے بغیر ان کے کام آگے نہیں بڑھائے جاتے، جس سے ملازمین میں شدید تشویش اور بے چینی پائی جاتی ہے متاثرہ سرکاری ملازمین نے صوبائی محکمہ خزانہ، ڈائریکٹر جنرل اکاؤنٹس بلوچستان اور دیگر اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس آفس سیوی میں مبینہ رشوت ستانی، دفتری بدانتظامی اور افسران و عملے کی حاضری کی فوری تحقیقات کرائی جائیں، ذمہ داروں کے خلاف محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے اور ملازمین کے جائز بلوں اور واجبات کی ادائیگی کو شفاف بنایا جائے تاکہ سرکاری ملازمین کو مبینہ رشوت مافیا سے نجات مل سکے

اپنا تبصرہ بھیجیں