ملک میں دیرپا امن، سیاسی استحکام،پائیدار ترقی یقینی بنانے کیلئے علماء کا کردار اہمیت کا حامل ہے،گورنر بلوچستان

کوئٹہ(این این آئی) گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل سے مرکزی امیر جمعیت علماء اسلام (س) مولانا عبدالحق ثانی کی قیادت میں ایک وفد نے گورنر ہاؤس کوئٹہ میں ملاقات کی۔ وفد میں مولانا خزیمہ، جمعیت علماء اسلام (س) کے صوبائی امیر مفتی عبدالواحد بازئی اور مولانا فیض الحق حقانی بھی شامل تھے۔ ملاقات کے دوران ملک کی مجموعی سیاسی و سماجی صورتِ حال، صوبے میں امن و استحکام، ترقی اور معاشرتی اصلاح کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیاست کا ایک بنیادی اصول یہ ہے کہ سیاست میں کوئی خلا باقی نہیں رہتا۔ اہل سیاست کی اصل دانشمندی یہ ہے کہ کسی بھی خلا کو محض پْر کرنے کے بجائے اسے پہلے سے بہتر، موثر اور تعمیری انداز میں پْر کیا جائے تاکہ اصلاح، فلاح اور اجتماعی ترقی کی نئی راہیں متعین کی جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں دیرپا امن، سیاسی استحکام اور پائیدار ترقی کو یقینی بنانے کی خاطر علماء کرام کا عوام دوست اور تعمیری کردار نہایت اہمیت کا حامل ہے۔ علماء کرام معاشرے میں وسیع سماجی اثر و رسوخ رکھتے ہیں اور وہ مذہبی و اخلاقی رہنمائی کے ساتھ ساتھ عوام میں رواداری، اختلاف رائے کا احترام اور بین المذہب ہم آہنگی کے فروغ میں بھی بھرپور کردار ادا کر سکتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں