کوئٹہ : حب ریجن میں وفاقی محکموں کی مختلف آسامیوں پر بھرتیوں کے لیے امیدواروں کے ٹیسٹ و انٹرویوز کا آغاز ہوگیا۔ ڈپٹی کمشنر حب کیپٹن (ر) جمعہ داد خان مندوخیل کی نگرانی میں بروز اتوار صبح 9 بجے ٹیکنیکل ٹریننگ سینٹر (ٹی ٹی سی) حب میں انٹرویوز کا عمل شروع ہوا ۔وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان کی ہدایات کی روشنی میں انٹرویوز کے عمل کو شفاف، منظم اور میرٹ کے مطابق بنانے کے لیے خصوصی اقدامات کیے گئے ہیں۔
جاری کردہ شیڈول کے مطابق پہلے روز ضلع خضدار سے تعلق رکھنے والے امیدواروں کے انٹرویوز لیے جا رہے ہیں جبکہ تمام انٹرویو پینلز فعال ہیں اور کارروائی منظم انداز میں جاری ہے۔
ڈپٹی کمشنر حب خود انٹرویو کے عمل کی نگرانی اور مانیٹرنگ کر رہے ہیں۔ امیدواروں اور انٹرویو پینلز کی سہولت کے لیے ضروری فرنیچر، نشستوں، لیپ ٹاپس، معاون عملے اور کلریکل اسٹاف سمیت تمام مطلوبہ سہولیات فراہم کی گئی ہیں جبکہ امیدواروں اور انٹرویو ٹیموں کی حفاظت کے لیے فول پروف سیکیورٹی انتظامات بھی کیے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ 22 نومبر کو حب ریجن میں ضلع خضدارکے نوجوانوں کے لیے ٹیسٹ انٹرویو منعقد ہوئے جبکہ شیڈول کے مطابق 23 نومبر کو حب اور وڈھ، 24 نومبر کو ضلع لسبیلہ اور 25 نومبر کو ضلع آواران سے تعلق رکھنے والے امیدواروں کے ٹیسٹ و انٹرویوز منعقد ہوں گے۔ضلعی انتظامیہ حب کے مطابق بھرتیوں کے تمام مراحل میں شفافیت، میرٹ، یکساں مواقع اور انتظامی نظم و ضبط کو یقینی بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں تاکہ امیدواروں کو منصفانہ اور سازگار ماحول فراہم کیا جا سکے۔

