بلوچستان حکومت کی جانب سے سرکاری ملازمتیں مستقل بنیادوں کے بجائے کنٹریکٹ پر فراہم کرنے کا فیصلہ نوجوانوں میں پائی جانے والی مایوسی اور بے یقینی میں مزید اضافے کا سبب بنے گا، مولانا عبدالرحمن رفیق

کوئٹہ :جمعیت علماء اسلام ضلع کوئٹہ کے امیر مولانا عبدالرحمن رفیق، سیکرٹری جنرل حاجی عین اللہ شمس، سینئر نائب امیر مولانا خورشید احمد، سیکرٹری اطلاعات عبدالغنی شہزاد، عبدالصمد حقیار، مفتی ابوبکر، عبدالباری شہزاد، مولانا جمال الدین حقانی، مفتی رشید احمد حقانی، حاجی عطاء محمد شمشوزئی اور دیگر رہنماؤں نے کہا ہے کہ بلوچستان حکومت کی جانب سے سرکاری ملازمتیں مستقل بنیادوں کے بجائے کنٹریکٹ پر فراہم کرنے کا فیصلہ نوجوانوں میں پائی جانے والی مایوسی اور بے یقینی میں مزید اضافے کا سبب بنے گا۔
بلوچستان کے نوجوان پہلے ہی بے روزگاری اور معاشی مشکلات سے دوچار ہیں ایسے میں انہیں مستقل روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے بجائے عارضی ملازمتوں تک محدود کرنا ان کے مستقبل کے ساتھ ناانصافی ہے۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت عوامی مفادات اور قومی حقوق کے تحفظ کے لیے کردار ادا کرنے کے بجائے حکمرانوں کی خوشنودی اور جی حضوری کو ترجیح دے رہی ہے۔

بلوچستان کے معدنی ذخائر اور قدرتی وسائل کی نیلامی جیسے اہم قومی و صوبائی معاملے پر حکومت کی خاموشی انتہائی تشویش ناک ہے۔ صوبے کے وسائل کسی فرد گروہ یا حکمران طبقے کی ملکیت نہیں بلکہ بلوچستان کے عوام کی امانت ہیں جنکے تحفظ اور منصفانہ استعمال کی آئینی و اخلاقی ذمہ داری صوبائی حکومت پر عائد ہوتی ہے۔ رہنماؤں نے کہا کہ بلوچستان کے وسائل پر صوبے کے عوام کا جائز حق تسلیم کرنے ان کے مفادات کا تحفظ کرنے اور وسائل سے حاصل ہونے والے ثمرات عوام تک پہنچانے کے بجائے خاموش تماشائی کا کردار ادا کرنا عوامی اعتماد کو مجروح کرنے کے مترادف ہے۔
بدقسمتی سے حکومت نے اس اہم معاملے پر عوامی حقوق کی ترجمانی کرنے کے بجائے کمیشن خوروں کا کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ جس حکومت کی ترجیحات میں نوجوانوں کے لیے باعزت اور مستقل روزگار عوامی مسائل کا حل اور صوبے کے قدرتی وسائل کا تحفظ شامل نہ ہو اس سے عوام کسی مثبت پیش رفت کی توقع کیسے رکھ سکتے ہیں بلوچستان کے عوام کو محض وعدوں اور نمائشی اقدامات کے بجائے عملی اقدامات شفاف حکمرانی اور اپنے وسائل پر جائز اختیار درکار ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں