کوئٹہ : ڈپٹی انسپکٹر جنرل نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس (این ایچ ایم پی) ویسٹ زون ڈاکٹر قریش خان نے خدمات کے نظام کو مزید موثر بنانےکے لئے کوئٹہ میں پبلک سروس وہیکلز مینجمنٹ انفورمیشن سسٹم (PSVMIS) پوائنٹ کا باقاعدہ افتتاح کردیا۔ اس موقع پر منعقدہ تقریب کے ودران ڈپٹی انسپکٹر جنرل نے پبلک سروس وہیکلز مینجمنٹ انفورمیشن سسٹم کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اس اقدام کا مقصد شہریوں اور مسافروں کو متعلقہ سہولیات کی فراہمی، خدمات کے نظام کو مزید موثر بنانے اور جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے انتظامی امور میں بہتری لانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جدید سہولیات اور ٹیکنالوجی کا استعمال اداروں کی کارکردگی کو بہتر بنانے، عوام کو سہولت فراہم کرنے اور خدمات کی فراہمی میں شفافیت و موثریت کے لیے اہم کردار ادا کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس عوام کو بہترین خدمات فراہم کرنے، روڈ سیفٹی کے فروغ اور مسافروں کی سہولت کے لیے مسلسل اقدامات کررہی ہے جبکہ نئے سہولت سسٹم کا قیام ادارے کی عوام دوست پالیسی اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ہونے کی کوششوں کا حصہ ہے۔انہوں نے متعلقہ افسران اور عملے کو ہدایت کی کہ وہ پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کو احسن طریقے سے انجام دیتے ہوئے عوام کو سہولیات کی فراہمی، رہنمائی اور خدمات کے معیار کو مزید بہتر بنانے کے لیے تمام صلاحیتیں بروئے کار لائیں۔

