پشاور(این این آئی)ضلع کرم کے صدر مقام پاراچنار سمیت ضلع بھر میں طوفانی باد و باران نے تباہی مچادی ہے جگہ جگہ سڑکیں پل اور مکانات بارانی پانی میں بہہ گئے ہیں اور کئی مقامات پر متاثرین گھر بار چھوڑنے پر مجبور ہوگئے ہیں اور فوری طور امداد کی فراہمی کا مطالبہ کر رہے ہیں سخی احمد شاہ کلے مہورہ، زیڑان، شلوازن، کراخیلہ اور سلطان کے علاقوں میں گھروں اور سڑکوں کو نقصان پہنچا ہے ڈپٹی کمشنر کرم اشفاق احمد نے حالیہ بارشوں اور سیلابی ریلوں سے متاثرہ علاقوں کا تفصیلی دورہ کیا جن میں اپر کرم میں زیڑان روڈ، زیڑان بائی پاس،کراخیلہ روڈ، شلوزان روڈ اور غلام جان پل شامل ہیں۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریلیف)، اسسٹنٹ کمشنر اپر کرم، ایکسین سی اینڈ ڈبلیو، ٹی ایم او اپر کرم، ایس ڈی او پی ایچ ای اور ریسکیو 1122 کے افسر بھی موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ محکموں اور اداروں کو ہدایت کی کہ متاثرہ سڑکوں اور گزرگاہوں کی صفائی اور بحالی کا کام فوری طور پر شروع کیا جائے، بند سڑکوں اور پلوں کو بغیر کسی تاخیر کے گزرنے کے قابل بنایا جائے اور جہاں مستقل بحالی ممکن نہ ہو وہاں عارضی انتظامات کئے جائیں تاکہ عوام کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے پانی کی فراہمی اور نکاسی آب کے نظام کی ہنگامی بنیادوں پر مرمت کی بھی ہدایت کی۔ ڈی سی کرم نے کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور تمام لائن ڈیپارٹمنٹس اس سلسلے میں اپنی ذمہ داریاں فوری اور موثر طریقے سے ادا کریں۔ انہوں نے لوگوں سے مون سون کے موسم میں دریاؤں، ندی نالوں اور آبی ذخائر کے ساتھ ساتھ بجلی کے کھمبوں اور تاروں سے دور رہنے کی اپیل کی۔

