پشاور (این این آئی) خیبر پختونخوا میں گزشتہ کئی روز سے وقفے وقفے سے جاریشدید بارشوں اور سیلاب سے جاں بحق افراد کی تعداد 20 ہوگئی۔پرونشل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) خیبر پختونخوا کی رپورٹ کے مطابق سیلابی ریلوں کی زد میں آکر سوات میں 13، ایبٹ آباد میں 3 جبکہ پشاور، چارسدہ، مالاکنڈ اور شانگلہ میں ایک ایک شخص جاں بحق ہوا۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بارشوں اور سیلاب سے 10 افراد بھی زخمی ہوئے، سوات میں 6 گھر مکمل تباہ ہوئے اور 50 گھروں کو جزوی نقصان پہنچا۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ دریائے سوات کا سیلابی ریلا دریائے کابل میں داخل ہوگیا جس کی وجہ سے دریائے کابل میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ ہوگیا۔ سیلابی ریلا آج کسی وقت نوشہرہ کے مقام سے گزرے گا، اس حوالے سے ضلعی انتظامیہ نے الرٹ جاری کردیا۔

