کوئٹہ(این این آئی)بلوچستان امن جرگے کے سربراہ لالہ یوسف خلجی نے کوئٹہ سے معصوم بچے مصورکاکڑکے اغواء کے بعد بے دردی سے شہید کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبائی حکومت امن و امان برقرار رکھنے میں بری طرح ناکام ہوچکی ہے جس کا واضح ثبوت مصورکاکڑ کی شہادت ہے پولیس اوردیگرقانون نافذ کرنے والے ادارے بچے کے اغواء اورقتل میں ملوث عناصر کو گرفتار کرکے کیفر کردار تک پہنچائیں۔یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں لالہ یوسف خلجی نے کہا کہ کوئٹہ شہر سے دن دیہاڑے سات ماہ قبل معصوم طالب علم مصور کاکڑ کو نامعلوم افراد نے اغواء کیا لیکن پولیس اوردیگرقانون نافذ کرنے والے ادارے مصورکاکڑ کی بازیابی اور ملزمان کو گرفتار کرنے میں ناکام رہے۔انہوں نے کہا کہ معصوم طالب علم مصورکاکڑ کے اغواء اورقتل میں ملوث عناصرکسی بھی رعایت کے مستحق نہیں ہیں انہیں فوری طور پر گرفتارکرکے قرار واقعی سزاد ی جائے۔انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت صوبے میں امن و امان قائم کرنے کے بڑے بڑے دعوے کرتے نہیں تھکتی لیکن دوسری طرف معصوم طالب علم کو حکومت بازیاب کرانے میں ناکام رہی ہے جواسکی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے جو حکومت عوام کو جان و مال کا تحفظ فراہم نہیں کرسکتی اسے اقتدار میں رہنے کا بھی کوئی حق حاصل نہیں ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ معصوم طالب علم مصورکاکڑکے قتل میں ملوث عناصر کو فوری طور پر گرفتار کرکے کیفر کردار تک پہنچایا اور آئندہ اس قسم کے واقعات کی روک تھام کیلئے موثر اورعملی اقدامات اٹھائے جائیں۔لالہ یوسف خلجی نے شہید مصورکاکڑ کے اہل خانہ سے اظہارتعزیت کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو اپنے جواررحمت میں جگہ دے اورپسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے انہوں نے شہید مصور کاکڑ کے اہل خانہ کو ہرممکن تعاون کا بھی یقین دلایا۔

