معصوم طالب علم مصورکاکڑ کااغواء کے بعد قتل حکومت اور اداروں کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے،عالم کاکڑ

کوئٹہ(این این آئی)پاکستان تحریک انصاف بلوچستان کے سابق ایڈیشنل جنرل سیکرٹری عالم خان کاکڑ نے معصوم طالب علم مصورکاکڑ کااغواء کے بعد قتل حکومت اور اداروں کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے،معصوم طالب علم کے اغواء کے بعد قتل میں ملوث دہشت گرد عناصر افراد کو گرفتار کرکے قرار واقعی سزادی جائے۔ یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں عالم خان کاکڑ نے کہا کہ بلوچستان کے دارالحکومت سے معصوم طالب علم مصورکاکڑ کا اغوا پھر عدم بازیابی اور بالآخر قتل یہ المیہ صرف ایک فرد کا نقصان نہیں بلکہ پورے ریاستی نظام کی مکمل ناکامی کا ثبوت ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت،پولیس اوردیگرادارے ایک عام شہری کی زندگی کے تحفظ میں مکمل ناکام رہے ہیں اس واقعے کے ذمہ داری صر ف قاتل نہیں بلکہ صوبائی حکومت اورادارے ہیں کیونکہ وہ اپنے بنیادی آئینی فریضے کو نبھانے میں ناکام رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جو حکمران عوام کو تحفظ فراہم نہ کرسکیں انہیں اقتدارمیں بھی رہنے کا کوئی حق حاصل نہیں ہے اگر حکمرانوں میں تھوڑی سی بھی غیرت باقی ہے تو وہ اپنے عہدوں سے مستعفی ہوجائیں۔انہوں نے کہا کہ پولیس آج خود اعتراف کر رہی ہے کہ وہ قاتلوں کو پکڑنے میں ناکام رہی ہے سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ کیا پولیس کے اعتراف سے مصور کاکڑکی جان واپس آسکتی ہے؟۔عالم خان کاکڑنے کہا کہ معصوم طالب علم کی شہادت میں ملوث دہشت گردعناصر انسان کہلانے کے بھی مستحق نہیں ہیں دہشت گردوں کو فوری طور پر گرفتار کرکے قانون کے مطابق سخت سے سخت سزا دی جائے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف متاثرہ خاندان کے غم میں برابر کی شریک ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں