چاغی،امین آباد،شے سالار میں بی آئی ایس پی ادائیگی کیلئے الگ الگ سینٹر بنائے جائیں،خواتین

چاغی(این این آئی) چاغی کے علاقے امین آباد، زیارت بلانوش اور شے سالار سے تعلق رکھنے والی خواتین نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی ادائیگی کے طریقہ کار پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ انہیں درپیش مسائل کا فوری نوٹس لیا جائے۔خواتین کا کہنا ہے کہ چاغی میں امدادی رقم کی وصولی کے لیے صرف ایک مرکز قائم کیا گیا ہے، جس پر دور دراز علاقوں سے آنے والی خواتین کو سخت گرمی میں طویل سفر طے کر کے پہنچنا پڑتا ہے۔ مرکز پر رش اس قدر زیادہ ہوتا ہے کہ ضعیف، بیمار اور معذور خواتین گھنٹوں تک قطار میں کھڑی رہنے پر مجبور ہوتی ہیں، اور اکثر انہیں بغیر رقم لیے واپس جانا پڑتا ہے۔ادائیگی مرکز پر نہ پینے کے پانی کا بندوبست ہے، نہ سایہ کی سہولت، اور نہ ہی بیٹھنے کا مناسب انتظام۔ خواتین کے مطابق انہیں دھوپ میں کھڑے ہو کر شدید تکلیف اور شرمندگی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ یہ صورتحال انتظامیہ کی نااہلی اور ناقص منصوبہ بندی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ ہم بالا حکام، بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی ضلعی و صوبائی انتظامیہ، اور عوامی نمائندوں سے بھرپور مطالبہ کرتے ہیں کہ امین آباد اور شے سالار میں الگ ادائیگی مراکز قائم کیے جائیں، تاکہ خواتین کو باوقار، آسان اور محفوظ ماحول میں ان کا حق فراہم کیا جا سکے۔مزید برآں، موجودہ مرکز پر فوری طور پر پانی، سایہ اور بیٹھنے کی سہولت فراہم کی جائے، تاکہ خواتین کو عزتِ نفس کے مطابق سہولیات میسر آ سکیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں