قلات اورچاغی میں دو واقعات میں دو مزدور جاں بحق، تین زخمی

کوئٹہ(این این آئی)بلوچستان کے ضلع قلات اور چاغی میں فائرنگ کے دو الگ الگ واقعات میں دو مزدور ہلاک جبکہ تین زخمی ہو گئے۔حکام کا کہنا ہے کہ ہلاک اور زخمی ہونے والوں میں تین کا تعلق پنجاب سے ہے۔پہلا واقعہ گزشتہ شب قلات کی تحصیل منگچر کے علاقے کلی زرد غلام جان میں پیش آیا۔منگچر لیویز تھانے کے ایس ایچ او حاجی خان نے بتایا کہ مزدور زرعی زمین پر ٹیوب ویل کی ڈرلنگ میں مصروف تھے اس دوران موٹر سائیکل پر سوار نامعلوم حملہ آوروں نے ان پر اندھا دھند فائرنگ کردی۔ان کے مطابق ’فائرنگ کے نتیجے میں دو افراد موقع پر ہی ہلاک ہو گئے جن کی شناخت رحیم یار خان کے رہائشی نوید احمد اور کوئٹہ کے خلیل احمد مینگل کے نام سے ہوئی ہے، جبکہ دو مزدور زخمی ہوئے جن میں عدیل احمد رحیم یار خان اور جلال الدین مینگل کوئٹہ کے رہائشی ہیں۔‘ان کا کہنا تھا کہ دونوں زخمیوں کو طبی امداد کے لیے کوئٹہ کے ہسپتال میں منتقل کر دیا گیا ہے۔ایس ایچ او نے یہ بھی بتایا کہ یہ واقعہ بظاہر ٹارگٹ کلنگ کا نتیجہ معلوم ہوتا ہے۔ حملہ آور واردات کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔دوسرا واقعہ ضلع چاغی کے علاقے میں پیش آیا جہاں ایک حجام کی دکان پر موٹر سائیکل سوار حملہ آوروں نے فائرنگ کردی۔اس کے نتیجے میں امتیاز احمد نامی حجام زخمی ہوا جو پنجاب کا رہائشی بتایا جاتا ہے۔لیویز کے مطابق زخمی کو چار گولیاں لگی ہیں جسے رورل ہیلتھ سینٹر چاغی میں ابتدائی طبی امداد کے لیے منتقل کیا گیا۔حکام کا کہنا ہے کہ دونوں واقعات بلوچستان میں غیر مقامی افراد کی ٹارگٹ کلنگ کے واقعات کا تسلسل معلوم ہوتا ہے جس میں حالیہ مہینوں میں تیزی آئی ہے۔ دونوں واقعات کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں