لسبیلہ(رپورٹ بیوروچیف حفیظ دانش) محکمہ پی ایچ ای کی نااہلی کے باعث شہر میں پانی کا بحران شدت اختیار کر گیا ہے۔ ایس ایس پی لسبیلہ آفس کے قریب واقع واٹر بور جو پہلے بجلی اور سولر دونوں نظام پر چلتا تھا، اب صرف سولر پاور پر انحصار کر رہا ہے، جس کی وجہ سے جاموٹ کالونی، الیاس محلہ، رونجہ کالونی اور لاکھا گوٹھ جیسے گنجان آباد علاقوں میں پانی کی شدید قلت پیدا ہو گئی ہے۔زرائع کے مطابق، واٹر بور کو پہلے وڈیرہ محمد حسن جاموٹ ہاؤس کے پی ایم ٹی سے بجلی فراہم کی جاتی تھی، جس کی بدولت پانی کی فراہمی معمول کے مطابق رہتی تھی۔ تاہم جب سے وہ پی ایم ٹی جل گیا ہے، محکمہ پی ایچ ای کی جانب سے نیا کنکشن فراہم کرنے میں غفلت برتی جا رہی ہےیہ صورتحال اس بات کا کھلا ثبوت ہے کہ محکمہ پی ایچ ای میں سالانہ کروڑوں روپے کی اسکیمز ہونے کے باوجود بھی شہریوں کو بنیادی سہولت یعنی پینے کا پانی میسر نہیں۔ شہریوں نے وفاقی وزیر تجارت نواب جام کمال خان عالیانی، سیکریٹری پارلیمانی امور میر زرین خان مگسی اور محکمہ پی ایچ ای کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر واٹر بور کی پی ایم ٹی نصب کی جائے تاکہ پانی کے بحران کا خاتمہ کیا جا سکے۔

