حضرت امام حسین ؓکے خاندان،رفقاء کی دین اسلام کی بقاء،سربلندی کیلئے دی جانیوالی قربانیاں اسلام کا روشن باب ہیں،چوہدری نعیم کریم

کوئٹہ (این این آئی) پاکستان مسلم لیگ(ن) بلوچستان کے مرکزی سینئر رہنماچوہدری نعیم کریم نے کہا ہے کہ نواسا رَسْول حضرت امام حسین ابنِ علی رضی اللہ تعالی عنہ، ان کے پْورے خاندان اور رفقاء کار کی دین اسلام کی بقاء اور سربلندی کے لیے دی جانے والی قربانیاں اسلام کا ایک روشن باب ہیں اور ان قربانیوں کو رہتی دنیا تک فراموش نہیں کیا جا سکتا تمام امت مسلمہ کے لیے اسلام کی سربلندی کے لیے دی جانے والی یہ قربانیاں مشعل راہ ہیں۔مسلم لیگ(ن) بلوچستان کے رابطہ آفس سے عاشورہ محرم کے موقع پرجاری ہونے والے اپنے ایک پیغام میں چوہدری نعیم کریم نے کہاکہ آل رَسْول شہدائے کربلا کو خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ ہم اپنے اندر ایثار،قربانی تحمل اور برداشت کا جذبہ پیدا کریں اور اپنے اندر بحیثیت سچے مسلمان فرقہ وارانہ ہم آہنگی بھائی چارے اور یکجہتی کے جذبات کو فروغ دیتے ہوئے اپنے قول و عمل سے خود کو بہترین مسلمان ثابت کریں۔انہوں نے کہا کہ حضرت امام حسین رضی اللہ تعالی عنہ اور ان کے ساتھیوں نے تعداد میں کم ہونے کے باوجود یزید کی طاقت کے سامنے سر جھکانے سے انکار کیا اور شہدائے کربلا نے حق کی راہ میں جان دینے کو ترجیح دی یہ حق اور باطل کی جنگ تھی جس میں فتح حق کو حاصل ہوئی۔انہوں نے کہا کہ شہدائے کربلا کی قربانیوں کے نتیجے میں دین اسلام کی سربلندی ہوئی اور باطل قوتوں کو شکست کا سامنا کرنا پڑا اسلام کی خاطر دی جانے والی یہ عظیم قربانیاں شدت و انتہا پسندی کے خاتمے کے لیے تمام امت مسلمہ کے لیے ایک رول ماڈل ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ وقت کا تقاضا ہے کہ تمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے لوگوں کے مابین اتحاد بین المسلمین کے جذبے کو فروغ دیا جائے اور تمام دہشت گرد اور تخریب کار عناصر کے خلاف اپنی صفوں میں مکمل اتحاد برقرار رکھا جائے اس کے لیے تمام مکاتب فکر کے علماء کرام کو بنیادی کردار ادا کرتے ہوئے معاشرے کی صحیح سمت میں رہنمائی کرنی ہوگی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں