کوئٹہ(این این آئی)امیر جمعیت علماء اسلام مولانا عبدالواسع صوبائی جنرل سیکرٹری سید آغامحمود شاہ نے مشترکہ بیان میں کہا کہ بلوچستان کے عوام کے ساتھ سب سے بڑی زیادتی انتخابات میں کی جاتی ہے دھاندلی، انتخابی انجینئرنگ اور عوامی مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈال کر مصنوعی قیادت کو مسلط کرنے کی پالیسی نے صوبے کو شدید سیاسی بحران میں دھکیل دیا ہے۔ جب عوام کو ان کے حقیقی نمائندے نہیں ملیں گے، جب ووٹ کی عزت پامال ہوگی، تو پھر عوام کے اندر بے چینی اور غصہ بڑھنا فطری امر ہے۔بیان میں کہا کہ یہ تلخ حقیقت سب کو تسلیم کرنا ہوگی کہ سب سے زیادہ ناانصافیاں، سب سے زیادہ دہشتگردی، اور سب سے زیادہ قربانیاں جمعیت علماء اسلام نے برداشت کی ہیں۔ ہمارے کندھوں نے شہداء کے جنازے اٹھائے ہیں، ہمارے دل آج بھی نوحہ کناں ہیں، ہر کارکن کے سینے میں ایک داستانِ غم دفن ہے، لیکن پھر بھی ہم نے صبر کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑا، اور برداشت کی چادر کو تارتار نہیں ہونے دیا۔انہوں نے مزید کہا کہ جمعیت علماء اسلام کا تاریخی کردار ہمیشہ جامع اور قومی مفاہمت پر مبنی رہا ہے۔ جمعیت نے صرف مذہبی نہیں بلکہ سیاسی، لسانی اور علاقائی قوتوں کو بھی ساتھ ملا کر ایک مربوط بلوچستان کا خواب دیکھا اور اس پر عمل کیا۔ یہی وجہ ہے کہ ہماری سیاسی میراث میں تصادم نہیں، تطہیر اور تعمیر ہے جمعیت علماء اسلام نے اپنے دور حکومت میں بلوچستان کا مقدمہ ہمشہ دلیری اور دلیل کے ساتھ لڑا ہے، بلوچستان کے عوام کو روزگار کے مواقع فراہم کئے، بلوچستان میں ریکارڈ ترقیاتی منصوبوں کو پایہ تکمیل تک پہنچائیں۔
