لسبیلہ(بیوروچیف)بابو محلہ، مورند کالونی اور مگسی کالونی کے مکین شدید پریشانی کا شکار ہیں کیونکہ ان علاقوں کا مین سیوریج نالہ مکمل طور پر بند اور کچرے سے بھرا ہوا ہے۔ صفائی ستھرائی نہ ہونے کی وجہ سے مون سون بارشوں کے دوران گندا پانی گھروں میں داخل ہو جاتا ہے، جس سے نہ صرف روزمرہ زندگی متاثر ہوتی ہے بلکہ مکینوں کی صحت بھی شدید خطرے میں پڑ گئی ہے۔علاقہ مکینوں کے مطابق نالے کی بندش سے علاقے میں شدید بدبو پھیل چکی ہے اور گندگی کے باعث مختلف قسم کی بیماریاں جنم لینے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے، جن میں بخار، جلدی امراض اور سانس کی بیماریاں شامل ہیں۔علاقہ مکینوں نے ڈپٹی کمشنر لسبیلہ محترمہ حمیرا بلوچ، چیئرمین میونسپل کمیٹی اوتھل سید سومار شاہ کاظمی اور چیف آفیسر حاجی محمد خان دودا سے پرزور اپیل کی ہے کہ وہ فوری نوٹس لیتے ہوئے صفائی کا عمل شروع کروائیں تاکہ شہریوں کو مزید اذیت سے بچایا جا سکے اور بارشوں کے دوران کسی بڑے سانحے سے بچا جا سکے۔

