لسبیلہ(بیوروچیف) ڈپٹی کمشنر لسبیلہ محترمہ حمیرا بلوچ کی خصوصی ہدایت پر چیئرمین میونسپل کمیٹی اوتھل سید سومار شاہ کاظمی اور چیف آفیسر محمد خان دودا کی نگرانی میں کتا مار مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ اس مہم کے دوران سینکڑوں آوارہ کتوں کو زہر دے کر مارا گیا اور انہیں شہر سے باہر محفوظ طریقے سے ٹھکانے لگا دیا گیا۔اس موقع پر چیئرمین اور چیف آفیسر نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ یہ مہم شہریوں کی بڑھتی شکایات کے بعد شروع کی گئی ہے اور یہ ایک ہفتے تک جاری رہے گی۔ اس دوران اوتھل شہر کے مختلف علاقوں میں ترتیب وار صفائی ستھرائی کا عمل بھی تیزی سے جاری ہے۔حکام نے واضح کیا کہ میونسپل کمیٹی اوتھل شہر اور نواحی گوٹھوں میں صفائی و کتا مار مہم کو مؤثر انداز میں جاری رکھے ہوئے ہے، تاکہ عوام کو صاف و محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ اوتھل شہر کی خوبصورتی اور صفائی کو ہر حال میں برقرار رکھا جائے گا۔

